پنجاب میں نمونیا بے قابو، مزید 12بچے جاں بحق، رواں ماہ تعداد 220 ہو گئی

Jan 26, 2024

لاہور (نمائندگان+ ایجنسیاں) سخت سردی کے باعث نمونیا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں نمونیا سے مزید 12بچے انتقال کر گئے۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گوجرنوالہ سے 3، راولپنڈی، بہاولپور میں 2،2 بچوں کا انتقال ہوا۔ پنجاب سے 24گھنٹوں کے دوران 1077بچے نمونیہ میں مبتلا ہوئے۔ لاہور سے ایک روز کے دوران 251بچے نمونیا میں مبتلا ہوئے۔ رواں ماہ نمونیہ سے انتقال کرنے والے بچوں کی تعداد 220 ہوگئی۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق جنوری کے دوران پنجاب سے 11,597 کیسز رپورٹ ہوئے۔ علاوہ ازیں سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے دو نئے مریض سامنے آئے۔ نئے سال کے دوران پنجاب میں ابھی تک ڈینگی کے کل 22 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ 24 گھنٹے کے دوران لاہور اور اوکاڑہ سے ڈینگی کا  بھی ایک، ایک مریض رپورٹ ہوا۔ دریں اثناء میدانی علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار رہا جس کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔ مزید 23پروازیں منسوخ اور 3 منتقل کر دی گئیں۔ جبکہ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ پی آئی اے کی ابوظبی سے سیالکوٹ کی پرواز پی کے 178کو لاہور اتارا گیا۔ ابوظبی اور دبئی سے اسلام آباد کی پروازوں پی کے 262، 212کی لاہور میں لینڈنگ کرائی گئی۔ پی آئی اے کی اسلام آباد سے ابوظبی کی 2پروازیں پی کے 261، 262منسوخ کر دی گئیں۔ اسلام آباد سے دبئی کی پرواز پی کے 233اور شارجہ کی پرواز ای آر 702بھی منسوخ کر دی گئی۔ سعودی ایئر لائن کی جدہ سے اسلام آباد کی پروازیں ایس وی 726، 727، اسلام آباد سے گلگت اور سکردو کی 4پروازیں پی کے 601، 602، 451، 452 بھی منسوخ کر دی گئیں۔ اسلام آباد سے کراچی کی پرواز ای آر 500، سیالکوٹ سے دبئی کی پرواز پی کے 130، کراچی سے لاہور کی 3پروازیں ای آر 522، 523 اور پی کے 302  بھی منسوخ کی گئی ہیں۔ کراچی سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 310، 311، کراچی سے پشاور کی پرواز ای آر 550، 551، پشاور سے ابوظبی کی پرواز پی کے 217، 218 اور شارجہ کی پرواز پی کے 258 منسوخ کر دی گئیں۔ علاوہ ازیں پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے 25سے 28جنوری تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔  ڈی جی خان، بہاولپور، ملتان ، راولپنڈی اور گوجرانوالا ڈویژن کے بیشتر علاقوں میں بارش ہو گی۔ پنجاب کے میدانی علاقے جنوری کے آخری ہفتے بھی دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔ مری اور گردونواح میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میانوالی مسلم کالونی میں دو بچوں کی ماں فوزیہ اشرف گورنمنٹ سکول تبی سر تحصیل عیسیٰ خیل کی ٹیچر شدید سردی کے باعث انتقال کر گئی۔ 

مزیدخبریں