پاکستان سوئٹرز لینڈ کا باہمی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے دو طرفہ سیاسی مشاورت کی اہمیت کا اعادہ

برن/اسلام آباد(این این آئی)پاکستان اور سوئٹزرلینڈ نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے دوطرفہ سیاسی مشاورت کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام امور میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے پاکستان سوئٹزرلینڈ دوطرفہ سیاسی مشاورت میں طے پایا جس کا 12واں دور 24جنوری 2024کو برن میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (یورپ) ایمبیسیڈر شفقت علی خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ سوئٹزرلینڈ کی جانب سے اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے ایشیا و بحرالکاہل، فیڈرل ڈیپارٹمنٹ آف فارن افیئرز ایمبیسیڈر ہینرک شیلن برگ نے اپنے وفد کی قیادت کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے دوطرفہ سیاسی تعلقات کے تمام پہلوئوں اور تجارت و سرمایہ کاری، سلامتی اور نقل مکانی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران علاقائی حرکیات اور کثیرالجہتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے پاکستان سوئٹزرلینڈ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دوطرفہ سیاسی مشاورت کی اہمیت کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام امور میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔برن میں ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ نے سٹیٹ سیکرٹری برائے خارجہ امور ایمبیسیڈر الیگزینڈر فاسل سے بھی ملاقات کی اور پاکستان سوئٹزرلینڈ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے بشمول ماحولیاتی تبدیلی، انسانی حقوق اور ترقیاتی تعاون کے شعبوں میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت کے ساتھ ساتھ دوطرفہ تبادلوں اور بات چیت کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

ای پیپر دی نیشن