امریکی سرمایہ کار پاکستان کے بہتر کاروباری ماحول سے استفادہ کریں: مسعود خان 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کے لیے سب سے پرکشش اور منافع بخش مقام ہے۔ اس لئے امریکی سرمایہ کار پاکستان کے بہتر کاروباری ماحول سے استفادہ کریں۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے کے صدر عامر پپرانی اور ان کی ٹیم کے ساتھ ایک ورچوئل ملاقات کے دوران کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) پاکستان اور خطے کی ایک بڑی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کے لیے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت اور ون ونڈو حل فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب احمد چوہدری اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ اتاشی شائستہ بنیاد بھی موجود تھیں۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ آئی ٹی، توانائی، زراعت اور معدنیات ہمارے ترجیحی شعبے ہیں۔ تاہم ہم اپنی معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کا قیام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں، خاص طور پر پاک امریکی تاجر برادری، جو اپنی مادر وطن میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، کو ان کے کاروباری مقاصد میں مناسب طریقے سے سہولت فراہم کی جائے۔ عامر پپرانی نے پاکستانی سفیر مسعود خان کو پی سی سی ۔ یو ایس اے کی سرگرمیوں، خاص طور پر پاکستان بزنس ایکسپو کے بارے میں بتایا جو اکتوبر میں ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں منعقد ہو گی، جس میں مختلف شعبوں میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی، جن میں کھیل اور سرجیکل، آئی ٹی، خوبصورتی اور صحت، خوراک اور مشروبات، تیل اور گیس، گھریلو استعمال کی اشیاء اور ٹیکسٹائل اور پاکستانی زیورات شامل ہیں۔ پاکستانی سفیر نے نمائش کے انعقاد میں سفارت خانہ اور پاکستانی قونصلیٹ کی طرف سے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ای پیپر دی نیشن