راولپنڈی (آئی این پی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اس سیاست سے اتفاق نہیں کرتا جہاں مسلم لیگ ن آج کھڑی ہے، تین بڑی جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں،اگر صرف اقتدار کی تلاش میں رہیں گے تو کچھ نہیں ملے گا،راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج بھی وقت ہے الیکشن کو غیر متنازعہ بنائیں، چیف جسٹس، نگران وزیراعظم اور الیکشن کمیشن اس الیکشن کو متنازعہ بنانے سے روکیں، جس ملک کا الیکشن متنازعہ ہو جائے وہ ترقی نہیں کر سکتا،انہوں نے کہا کہ آج تین بڑی جماعتیں ناکام ہوچکی ہیں، ان کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں، نئی جماعت اس ماحول میں نہیں بن سکتی، جو الیکشن نہیں لڑ رہے ان کو نیب میں بلایا جاتا ہے، جو الیکشن لڑ رہے ہیں انکا سوچیں کیا ہوگا، 6ماہ قبل بتا دیا تھا الیکشن نہیں لڑوں گا، کہہ دیا تھا نہ ن لیگ کے ساتھ الیکشن لڑوں گا نہ خلاف،سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن کو ملکی مسائل کا ذریعہ بنانا سیاسی لیڈر شپ کا کام ہوتا ہے،الیکشن میں 2 ہفتے باقی ہیں کسی جماعت نے عوام کے مسائل کی بات کی؟ صرف یہ کہنا وہ چور ہے، وہ کہاں گیا یہ سیاست نہیں، اگر صرف اقتدار کی تلاش میں رہیں گے تو کچھ نہیں ملے گا،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر چیز ہر آدمی سمجھتا ہے کہ ڈیل ہوتی ہے، ووٹ کو عزت دو آئین کا بیانیہ ہے، آج ادارے سیاست میں جوڑ توڑ کیلئے استعمال ہوتے ہیں، 1947سے لیکر اب تک الیکشن چوری ہوا ہے، الیکشن کے ماحول میں دبائو کا اثر پیدا کریں گے تو نقصان عوام اور ملک کا ہوگا،شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ میں 9مئی کو ایک سانحہ سمجھتا ہوں، ملک میں جتھے فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہوئے، 9فروری آنے کو ہے کوئی کارروائی نہیں ہوئی، 9مئی کے کرداروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تھی۔