لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور لاہور کے حلقہ این اے117، پی پی149 اور پی پی209 خانیوال سے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا کہ وسیم اکرم پلس کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے والوں نے سب سے بڑا ظلم یہ کیا کہ انہوں نے لوگوں سے اْن کی امیدیں چھین لیں۔ ملک کے سب سے بڑے صوبے میں ڈی سی اور ایس پی لگنے کے ریٹ مقرر ہوئے، جو ایک لفظ لکھ پڑھ نہیں سکتا تھا اْسے پنجاب پر مسلط کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے این اے117شاہدرہ کی پراچہ کالونی اور پرانا راوی پل پر جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہدرہ کو ڈیفنس اور گلبرگ کی طرح خوبصورت بنا دیں گے۔ سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری واحد نے ملاقات کی اور اْن کے حق میں دستبردار ہونے اور اْن کی انتخابی مہم میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ سابق ناظم افضل بھولا اور شاہدرہ کی دیگر اہم شخصیات نے بھی عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم میں ساتھ چلنے کا وعدہ کیا۔ سابق صوبائی وزیر میاں خالد محمود پی پی 145 سے میاں جنید ذوالفقار اور پی پی 146 سے ملک زمان نصیب نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ عبدالعلیم خان کا استقبال کیا۔