لاہور،کراچی(سپورٹس رپورٹر)گورنر سٹیٹ بنک نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اشتراک کو فروغ دینے کیلئے جاپانی برتنوں کی نمائش کا افتتاح کر دیا۔بنک دولت پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے سٹیٹ بنک میوزیم میں جاپانی برتنوں کی نمائش ’یاکی شائم۔ زمین کی ساخت میں تبدیلی ‘کا افتتاح کیا۔ سٹیٹ بنک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللہ اور بنک کی سینئر مینجمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھی۔ جاپان فاو¿نڈیشن کی یہ نمائش 2 ہفتوں تک جاری رہے گی اور یہ کراچی میں جاپانی قونصلر جنرل کی جانب سے پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کی سرگرمیوں کا حصہ ہے۔ اس سال یہ نمائش سٹیٹ بنک میوزیم اور پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ نے مشترکہ طور پر منعقد کی ہے۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بنک جمیل احمد نے اس بات کو اجاگر کیا کہ جاپانی ثقافت سے بالعموم اور خصوصاً جاپان کی سرامک ثقافت سے پاکستانی عوام کو ہمیشہ دلچسپی رہی ہے۔ثقافتی تبادلے اور عوام کے عوام سے رابطے ممالک کے درمیان مفاہمت اور خیرسگالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔پاکستان اور جاپان کے درمیان 1957ءمیں طے پانےوالے ثقافتی سمجھوتے کو دوطرفہ روابط میں بنیادی حیثیت حاصل ہے اور اس میں دونوں ملکوں کے مابین ثقافتی روابط کو وسعت دینے اور گہرا کرنے کی بنیاد فراہم کی گئی ہے۔ دونوں ممالک کے مالی اداروں کے درمیان تاریخی اشتراک کو سراہتے ہوئے گورنر سٹیٹ بنک نے آگاہ کیا کہ بنک آف ٹوکیو کی تیسری اوورسیز برانچ 1953ءمیں کراچی میں کھولی گئی تھی۔ دونوں ممالک کے درمیان اشتراک سے تجارت اور سرمایہ کاری کوتقویت دینے اور ان میں سہولت کے علاوہ مالی نظاموں کی معلومات، بہترین روایات اور ضوابطی فریم ورکس کے تبادلے میں مدد مل سکتی ہے۔ جاپان کے قونصل جنرل ہوتاری مسارو نے پاکستانی سامعین کی جانب سے جاپانی ثقافت میں دلچسپی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قونصلیٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کےلئے جاپانی ثقافتی پروگراموں کو متعارف اور کیوریٹ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ نمائش 07 فروری 2024ءتک جاری رہے گی اور اس میں سرامکس کی تکنیک یاکی شائم (yakishime) کو متعارف کرایا گیا ہے۔
، جس میں بلند درجہ حرارت پر کچے برتنوں کو حرارت دی جاتی ہے۔ ابتدا سے لے کر ہم عصر کام سمیت یاکی شائم کے 80 سے زیادہ نمونوں پر مشتمل یہ نمائش پاکستان کے عوام کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ جاپان کی منفرد حساسیت اور جمالیات سے آگاہی حاصل کریں۔ برتنوں کی نمائش کے ساتھ جاپان کی خطاطی، indigo dye، اوریگامی اور برتنوں کے متعلق لیکچرز اور ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔ جاپانی کیلنڈر کی سالانہ نمائش بھی اسی مقام پر 26 جنوری تا 07 فروری 2024ءکے دوران منعقد کی جائےگی۔ نمائش میں سفارتکاروں، بینکاروں، فن میں دلچسپی رکھنے والے افراد اور شہر کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ یہ نمائش عوام کےلئے جاری ہے ، جس میں داخلہ مفت ہے اور 7 فروری تک اسے دیکھا جا سکتا ہے۔ نمائش اور دیگر سرگرمیوں کیلئے مزید معلومات قونصلیٹ کی ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر دستیاب ہے۔