مسلم لیگ ن کا راستہ روکنا قومی ترقی کو روکنے کے مترادف ہے،راجہ صدیق 

Jan 26, 2024

کلرسیداں(نامہ نگار)آزاد ریاست جموں و کشمیر کے وزیر راجہ محمد صدیق نے مری، کوٹلی ستیاں،کہوٹہ اور کلرسیداں میں مقیم جموں و کشمیر کے باشندوں پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواروں راجہ اسامہ اشفاق،بلال یامین ستی اور راجہ صغیر احمد کی بھرپور حمایت کریں اور ان کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے نلہ، مٹور،کانگڑھ،نارہ، لہڑی اور کلرسیداں میں اپنے حلقہ احباب سے ملاقاتیں کیںاور کہا کہ مسلم لیگ ن کا راستہ روکنا قومی ترقی کو روکنے کے مترادف ہے قوم 28 مئی اور 9 مئی والوں میں فرق کو محسوس کرے۔ ہم نے تنصیبات پر حملے نہیں کیئے بلکہ ایٹمی دھماکوں کے ذریعے ملکی سالمیت کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کا سورج مسلم لیگ ن کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا اور میاں محمد نواز شریف وزیراعظم بن کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ میاں محمد نواز شریف کشمیریوں کے دلوں میں بستے ہیں کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان مسلم لیگ کی کامیابی میں پہلے کی طرح اس بار بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے ۔اس موقع پر نلہ سے پرویز خان،خان عبدالقیوم خان،خان فیصل عزیز،سابق کونسلر خان محمد اقبال خان، نارہ سے محمد حنیف،بابو طاہر،محمد یعقوب، طاہر زمرد،محمد پرویز،عبدالحمید،محمد بشیر،عمران زمرد،محمد امین، خان گلفراز خان،خالد محمود، نصیر خان و ڈومال راجپوت و خان برادری نے مسلم لیگ ن کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا جبکہ بندہ اور لہڑی میں بھی پزیرائی ملی صوبیدار ر پرویز اختر صاحب کے گھر منعقدہ اجلاس میں معززین نے مسلم لیگ کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں