مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام دیکھیں جب میں وزیراعظم تھا وہ وقت دیکھو اور یہ وقت دیکھو اس میں کتنا فرق آگیا؟ کیا عوام کو میرا دور یاد نہیں آتا؟تٖفصیلات کے مطابق بورے والا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ہمارے دور میں جو بجلی کا بل پانچ سو روپے آتا تھا وہ اب بیس ہزار روپے ہوگیا، ہمارے دور میں سبزیاں دس دس روپے کلو اور روٹی چار روپے کی ملتی تھی۔انہوں نے کہا کہ کیا عوام کو نواز شریف کا دور یاد نہیں آتا؟ جب ہمارے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی تھی اور گیس سستی تھی؟ کیا آپ نہیں چاہتے کہ وہ دور واپس آجائے؟ نواز شریف نے کہا کہ پانچ ججوں نے سازش کے ذریعے میری عوامی حکومت کو ختم کیا جب کچھ نہ ملا تو محض بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر حکومت ختم کردی گئی اور جیل میں ڈالا گیا۔سربراہ ن لیگ نے کہا کہ میرے دور میں کھاد کا ریٹ 2400 روپے کا تھا آج وہ ریٹ 14000 پر ہے وہ بھی اگر مل جائے، میرے دور میں جو ٹریکٹر نو لاکھ روپے مالیت کا تھا آج وہی ٹریکٹر 38 لاکھ روپے میں ملتا ہے، یہ بہت افسوس ناک بات ہے پاکستان کو انہوں ںے کہاں پہنچادیا؟ یہ ہے وہ تبدیلی جو اس قوم پر مسلط کی گئی۔
انہوں ںے کہا کہ لیکن ان شااللہ ہم آپ کی مدد سے پاکستان کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے ایسا دور لائیں گے ہر گھر میں روزگار میسر ہوگا، موٹر وے بنائیں گے، ہائی وے بنائیں گے عین ممکن ہے اس علاقے میں ایک بہترین ایئرپورٹ بھی بنادیا جائے۔دوسری جانب عام انتخابات کے سلسلے میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ یہاں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ میں سب کو سلام پیش کرتی ہوں، بہت تکلیف ہوتی ہے جب کسی بے روزگار نوجوان کو ہاتھ اٹھاتے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ شیر کو ووٹ دیں گے تو ن لیگ کامیاب ہوکر دن رات آپ کی خدمت کرے گی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں اگر کوئی ایسا لیڈر ہے، جسے عوام کی فکر ہے، جسے مہنگائی کم کرنے کی فکر ہے، بجلی کے بل کم کرنے، گیس کی فراہمی، روٹی، آٹا، چینی، سڑکوں، اسپتالوں اور تعلیم کی فراہمی کی فکر ہے تو وہ نواز شریف ہے۔ نواز شریف اگر 3 سال میں 22 گھنٹے ہونے والی لوڈ شیڈنگ کو ختم کر سکتے ہیں تو اس کے پیچھے اللہ کا فضل، ان کی محنت، آپ سے محبت کارفرما ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب والوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس نے حقیقی معنوں میں یہاں کی دل سے خدمت کی ہے۔ بڑے بڑے لوگ یہاں آئے اور جنوبی پنجاب کے نام پر بے وقوف بنا کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء ، 2017ء کے جنوبی پنجاب کا موازنہ کرلیں اور آج کی صورت حال دیکھ لیں تو آپ کو فرق نظر آئے گا اور پتا چل جائے گا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے یہاں آپ کی خدمت کی ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملتان میں میٹرو بنی، اسی طرح لاہور میں اگر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ بنا تو ملتان میں بھی کڈنی اسپتال بنا۔ لاہور میں چلڈرن اسپتال بنا تو پھر ملتان میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن اسپتال بنا۔ طبی ادارے، زرعی یونیورسٹیز بنائیں اور اب نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ آپ لوگ مسلم لیگ ن کو منتخب کریں تو وہاڑی میں میڈیکل کالج بنائیں گے۔لیگی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا منشور کل جاری کردیا جائے گا۔ ہمارا منشور بالکل واضح ہے۔ ہر شہر کی ترقی، ہر گاؤں کی ترقی، کسانوں کی ترقی۔ ہم اسپتال، مفت دوائیں، طبی سہولیات، تعلیم مفت اور عام، تعلیمی اداروں کا قیام، ہر ڈسٹرکٹ میں دانش اسکول بنانا، موٹر وے کا جال بچھانا، بجلی کے بلوں کو کم کرنا، گیس فراہم کرنا، روٹی اور آٹا سستی کرنا، سبزی، گوشت دالیں سستی کرنا، یہ سب ہماری ذمے داری ہے۔ یہی ہمارا منشور ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو کوئی گھر میں نہ بیٹھے بلکہ مسلم لیگ ن کے شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ملائے۔ جتنی زیادہ مہریں شیر پر لگیں گی، اتنی جلدی پاکستان ترقی کرے گا، یہ میرا وعدہ ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مخالف جماعتیں پنجاب میں آکر ووٹ مانگ رہی ہیں، لیکن انہیں جلسہ کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے، وہ جلسوں میں ن لیگ اور نواز شریف پر تنقید کررہے ہیں اور جہاں پر بھی وہ مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہیں، وہیں دائیں بائیں انہیں ن لیگ ہی کے منصوبے نظر آتے ہیں۔