’ریاض الجنہ‘پرمٹ کی جانچ کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال

Jan 26, 2024 | 17:18

مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی انتظامیہ کی جانب سے ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے آنے والوں کے پرمٹ جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے چیک کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ’ریاض الجنہ‘ کی زیارت کے حوالے سے انتظامیہ نے نیا طریقہ کار متعارف کرادیا ہے۔ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے مختلف زبانوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ نسک پورٹل کے ذریعے بکنگ ہونے پر انہیں تاریخ اور وقت کی اطلاع ایس ایم ایس کے ذریعے ارسال کی جاتی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ریاض الجنہ کے زائرین کو زیارت کا وقت شروع ہونے سے 24 گھنٹے قبل ایس ایم ایس کے ذریعے یاد دہانی کرائی جائے گی اور انہیں بکنگ کنفرم یا منسوخ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ زیارت کا بارکوڈ مقررہ وقت سے قبل استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ زائر کو ریاض الجنہ پہنچنے سے قبل خودکار سسٹم کے ذریعے چلنے والے گیٹس پر بارکوڈ سکین کرنا ہوگا۔ وہاں سے اسے ویٹنگ زون بھیجا جائے گا بعدازاں گروپ کی صورت میں ریاض الجنہ میں جانے کا موقع ملے گا، مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتظامیہ نے ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے آنے والے معذوروں کے لیے اسپیشل ٹریک بھی مختص کیا ہے۔

مزیدخبریں