واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی رپورٹس یکطرفہ خیالات پر مشتمل ہوتی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ۔ حسین حقانی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ سٹریٹیجک پارٹنرہیں جبکہ دونوں ممالک مشترکہ طورپرالقاعدہ اور طالبان کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ پاکستانی سفیرنے ایک امریکی ویب سائٹ کی جانب سے افغان جنگ کی خفیہ رپورٹس کی اشاعت کوغیرذمہ دارانہ قراردیا ۔ حسین حقانی نے واضح کیا کہ پاکستانی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے جبکہ طالبان کی مدد کے الزامات من گھڑتے ہیں ۔ امریکی ویب سائٹ کی جانب سے افغان جنگ سے متعلق بانوے ہزار سے زائد خفیہ رپورٹس افشا کی گئی ہیں جن میں پاک فوج پر دہشت گردوں کے ساتھ تعلقات ، فنڈز اور خطرناک مواد کی فراہمی کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں ۔ امریکہ اور افغانستان کی جانب سے بھی ان خفیہ رپورٹس کی مذمت کی گئی ہے۔