لاہور (خصوصی نامہ نگار) نواسہ¿ رسول حضرت امام حسنؓ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس سلسلہ میں سنی اتحاد کونسل، جماعت اہلسنت، جے یو پی سمیت مختلف دینی و سیاسی جماعتوں نے سیمینار اور مذاکراوں کا اہتمام کیا، اجتماع سے خطاب میں سنی اتحاد کونسل کے پیر محمد اطہر القادری نے کہا کہ حضرت امام حسن علیہ السّلام صبر و شکر اور محبت و استقامت کا عظیم پیکر تھے۔ مفتی محمد حسیب قادری نے تقریب میں کہا کہ دینِ اسلام کی صحیح اور درست تفہیم کے لیے حضرت امام حسن علیہ السّلام کا طرزِ زندگی ملت ِ اسلامیہ کو ایک نئی روح اور عروج و عظمت کا سامان مہیا کرتا ہے۔ جماعت اہلسنّت کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا کہ سیّدنا امام حسن مجتبیٰ علیہ السّلام مسندِ خلافت کی آبرو ہیں۔ مفتی محمد اقبال چشتی نے کہا کہ حضرت امام حسن علیہ السّلام کی شہادت شہادتِ خفی اور حضرت امام حسین علیہ السّلام کی شہادت شہادتِ جلی ہے۔ ملک محبوب الرسول قادری نے کہا کہ سخاوت امام حسن علیہ السّلام کے دربار کی لونڈی تھی۔
حضرت امام حسنؓ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا
Jul 26, 2013