ممبئی حملے : بھارتی افسر مکر گیا‘ ہم تہہ تک پہنچیں گے : سیکرٹری خارجہ

ممبئی حملے : بھارتی افسر مکر گیا‘ ہم تہہ تک پہنچیں گے : سیکرٹری خارجہ

بھارت پر واضح کر دیا جائے دہشت گردی سے وہ خود بھی جل جائیگا : قائمہ کمیٹی ....
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ اے این این+ثناءنیوز+آن لائن) سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے سینٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کو بتایا ہے کہ ممبئی حملوں اور بھارتی پارلیمنٹ پرحملے میں خود بھارت کے ملوث ہونے کا انکشاف کرنیوالا وزارت داخلہ کا افسر بیان سے مکر گیا ہے تاہم پاکستان معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کرے گا، بھارت سے جامع مذاکرات کی بحالی کیلئے تاریخوں کا تعین کیا جارہا ہے،حامدکرزئی نے دورہ اسلام آباد کیلئے کوئی شرط عائد نہیں کی، نئی پارلیمنٹ کو افغانستان اور بھارت کے بارے میں پالیسی پر ان کیمرہ بریفنگ کی ضرورت ہے۔دوسری جانب قائمہ کمیٹی نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ بھارت کو باور کرایا جائے کہ دہشت گردی کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اس سے خود بھارت بھی جل جائیگا۔ سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی کا اجلاس حاجی عدیل کی صدارت میں ہوا، فرحت اللہ بابر، عبدالغفورحیدری، جہانگیر بدر، سحر کامران، مصطفیٰ کمال، بابر غوری اورسیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے شرکت کی۔ کمیٹی نے بھارتی عہدیدار کی جانب سے ممبئی حملوں بھارتی پارلیمنٹ پر حملے میں خود بھارت کے ملوث ہونے کے انکشاف کا جائزہ لیا اور وزارت خارجہ سے پاکستان کی پوزیشن پوچھی، کمیٹی نے زور دیا کہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کی رپورٹ فراہم نہ کرنے جیسے معاملات کو عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔ سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ بھارتی حکومت نے ابتدائی جواب میں ہمیں بتایا ہے کہ ورما نے اپنے بیان کی تردید کردی ہے،سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ اس طرح کی بات کوئی پہلی مرتبہ نہیں ہوئی ہے، ماضی میں بھی بعض بھارتی عہدیداروں کی طرف سے انکشافات سامنے آتے رہے ہیں۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ بھارت نے ابھی تک سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس بارے ہمیں تحقیقات سے آگاہ نہیں کیا،بھارت کے ساتھ جامع مذاکراتی عمل بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں تاریخوں کا تعین کیا جارہا ہے۔ سرتاج عزیز کادورہ کابل کامیاب رہا حامد کرزئی نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی ہے جس کی تاریخوں کا تعین جلدکیاجائے گا۔ انہوںنے اس تاثر کو رد کیا کہ حامد کرزئی نے دورے کے لئے کوئی شرط عائدکی ہے، سینیٹر عبدالغفور حیدری نے کہاکہ ممبئی حملہ سازش کیس میں بھارت کے کیا مقاصد تھے ہمیں پتہ چلانا چاہیئے، رحمن ملک بلوچستان کے معاملے پر بھارت کے ملوث ہونے کی باتیں کرتے رہے لیکن کوئی واضح پالیسی نہ دے سکے، فرحت اللہ بابر نے کہاکہ ممبئی حملے کے بعد پاکستانی میڈیا نے اجمل قصاب کے باپ سے بات تک کرا دی تھی، سابق سیکورٹی ایڈوائزر نے بھی تسلیم کرلیا تھا کہ پاکستان اس میں ملوث ہے، ہمیں اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا چاہیے، سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ نئی پارلیمنٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دینے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں بھارت اور افغانستان کے بارے میں پالیسی بتائی جاسکے۔ سینیٹر جہانگیر بدر نے کہاکہ افغان پالیسی پر سرتاج عزیز کو کمیٹی میں بلا کر بریفنگ لی جائے، ہم پچھلے 35سال سے افغانستان کی وجہ سے بھوک اور ننگ کا سامنا کررہے ہیں۔سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور اور کشمیر گلگت بلتستان نے حکومت پاکستان سے طالبان سے بات چیت کی تازہ تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ بھارتی پارلیمنٹ اور ممبئی حملوں کے بارے میں بھارتی اعلیٰ افسر کے اعترا فی بیان کے حوالے سے پارلیمنٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دینے کو تیار ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان انسداد دہشت گردی کے مشترکہ میکانزم کی بحالی چاہتے ہیں۔ دو طرفہ جامع مذاکرات کی بحالی کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔چند ہفتوں میں مذاکرات کے شیڈول کا اعلان ہو جائے گا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ جامع مذاکراتی عمل شروع کرنے کے لیے اقدامات کی بحالی کی تاریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان 1996ءکے انسداد دہشت گردی کے مشترکہ میکانزم کی بحالی چاہتے ہیں۔ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان پر انتہائی اہم فورم تھا۔ سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں مذاکراتی عمل اور قیام امن کی کوششوں کو حمایت کر تا ہے اس بارے میں طالبان سے ممکنہ مذاکرات سے آگاہ کیا۔ پاکستان افغانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔کمیٹی نے وزارت خارجہ سے افغان طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کے کردار اور بات چیت میں تازہ پیشرفت سے کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے بلوچستان میں امن و امان کی خرابی کے ذمہ دار عناصر واضح کرنے کی ہدایت کی، مشیر خارجہ آئندہ اجلاس میں نیٹو افواج کے اخراج کے بعد کی صورتحال پر بریفنگ دینگے، کمیٹی کے ارکان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مشنر پاکستانی موقف پر دنیا کو مائل کرنے کیلئے کافی کام نہیں کرتے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...