افغان مہاجرین کو2015 ءتک قیام کی اجازت ‘ کابینہ نے وفاقی ملازمتوں کے لئے علاقائی کوٹہ میں 20 سال کی توسیع کر دی

Jul 26, 2013

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی+ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے پاکستان چین اقتصادی راہداری کی تعمیر، وفاقی ملازمتوں میں براہ راست بھرتی کے لئے میرٹ اور علاقائی کوٹہ کو آئندہ 20 سال کے لئے توسیع دینے کی منظوری دی ہے افغان پناہ گزینوں کے رجسٹریشن کارڈ کی مدت میں 2015ءتک توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی کابینہ نے آئےن کے آرٹےکل 27(1)مےں ترمےم کے مسودہ کی منظوری دی جس کے تحت 14اگست2013ءسے وفاقی حکومت مےں ملازمتوں میں پسماندہ علاقوں کے عوام کے کوٹہ مےں مزےد 20سال کی توسیع کی جائے گی وفاقی کابےنہ نے فےڈرل اےمپلائز بناولنٹ و گروپ انشورنس اےکٹ1969 مےں ترمےم کی بھی منظوری دے دی جس کے تحت کسی ملازم کے 70سال کی عمر مےں وفات پاجانے کی صورت مےں بھی اس کے ورثاءبےناولنٹ فنڈ سے استفادہ کر سکےں گے قانون مےں ترمےم کے بعد عمر کی حد ختم کر دی جائے گی اس بات کا فےصلہ وفاقی کابےنہ کے اجلاس مےں کےا گےا جو وزےر اعظم محمد نواز شرےف کی زےر صدارت ہوا۔ وفاقی کابینہ نے پاکستان چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کے لئے مذاکرات کرنے اور اےم او ےوز پر دستخط کرنے منظوری دی جبکہ افغان پناہ گزینوں کے رجسٹریشن کارڈ کی مدت میں 2015ءتک توسیع دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ آئین کے آرٹیکل 27(1) کی پہلی شق میں آئینی ترمیم کا مقصد ےہ ہے کہ قومی سالمیت اور ہم آہنگی کے مفاد میں کسی طبقے یا علاقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے پاکستان کی ملازمت میں مناسب نمائندگی اسی صورت میں ممکن ہے جب عرصے کو مزید توسیع دیدی جائے۔ یہ شق وفاقی حکومت میں اسامیوں پر براہ راست بھرتی کے لئے میرٹ/علاقائی کوٹہ کی حامل ہے۔ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ بہترین جمہوری روایات کو سربلند رکھتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں موجودہ حکومت کو ہٹانے کے لئے نہ تو کوئی کوشش کرے گی اور نہ ہی کسی تحریک عدم اعتماد میں حصہ لے گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کو ہدایت کی کہ وہ آزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو اس فیصلے سے پرزور انداز میں آگاہ کر دیں کہ وہ پارٹی ڈسپلن کی پابندی کرے اور کسی ایسی سرگرمی میں ملوث ہونے سے گریز کرے جس سے آزاد کشمیر میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہوتا ہو۔ حکمران جماعت نے حالیہ انتخابات کے بعد کے پی کے اور بلوچستان میں حکومتوں کی تشکیل کے دوران بھی ایسا ہی موقف اپنایا تھا۔ وزیراعظم نے کابینہ کو چین کے کامیاب دورے سے آگاہ کیا جہاں انہوں نے چین کی سیاسی اور کاروباری قیادت کے ساتھ باہمی طور پر مفید، تعمیری اور نتیجہ خیز بات چیت کی۔ انہوں نے کابینہ کو بتایا کہ دونوں ممالک نے گوادر کاشغر اکنامک کوریڈور کے میگا پراجیکٹ پر عملدرآمد پر اتفاق کیا جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لحاظ سے خواب کی تعبیر ثابت ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی کمپنیاں پاکستان میں اس راہداری کے ساتھ اکنامک زونز میں کاروبار ازسر نو قائم کرنے کی توقع رکھتی ہیں۔ یہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت کے نئے راستے کھولے گا۔ وزیراعظم نے کہا اقتصادی کوریڈور منصوبے کے نفاذ میں پیش رفت اور اسے تیز کرنے کے لئے دونوں ممالک نے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ٹاسک فورس کی پاکستانی شاخ کے چیئرمین ہیں، توقع ہے کہ چینی ٹاسک فورس عید الفطر کے فوری بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ وزیراعظم نے کابینہ کو یہ بھی بتایا کہ چینی جانب سے خصوصی خیر سگالی جذبے کے تحت پاکستان میں چینی سرمایہ کاری پر 6 فیصد کے انشورنس چارجز جو اربوں روپے بنتے ہیں ختم کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان متفقہ اقتصادی تعاون کے نتیجہ میں پاکستان کو اقتصادی طور پر بہت تقویت ملے گی۔ کابینہ نے چین پاکستان اقتصادی کوریڈور کے طویل المیعاد منصوبے کی تعمیر میں تعاون اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارمز کمیشن اور پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے درمیان ایکشن پلان کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر بات چیت شروع کرنے اور دستخط کرنے کی موثر بماضی منظوری دی۔ کابینہ نے 27 جون، 2 جولائی، 11 جولائی، 12 جولائی اور 18 جولائی 2013ءکو کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے فیڈرل ایمپلائز بینوولینٹ فنڈ اینڈ گروپ انشورنس ایکٹ 1969 (ایکٹ II، 1969) میں ترمیم کی بھی منظوری دی یہ ترمیم کسی ایسے ملازم کے اہل خانہ کو بینوولینٹ گرانٹ کی فراہمی کے لئے 70 سال کی عمر کی حد کو ختم کرے گی جو 70 سال کی عمر تک انتقال کر جاتا ہے جبکہ شادی گرانٹ، تدفین کے اخراجات اور تعلیمی وظائف کے حوالے سے دیگر سکیموں کے تحت گرانٹس کی عمر کی کسی حد کے بغیر اجازت ہے۔ کابینہ نے پاکستان اور پولینڈ کے درمیان توانائی اور معدنیاتی وسائل میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر موثر بماضی دستخط کی منظوری دی، یہ ایم او یو متعلقہ ممالک میں توانائی اور معدنیاتی منصوبہ جات میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، تکنیکی تحقیق کے فروغ، توانائی اور معدنیاتی وسائل کے میدان میں تدریسی اور سائنسی اداروں کے تعاون اور توانائی کے شعبے میں قومی، دوطرفہ اور بین الاقوامی و علاقائی تعاون کے پلیٹ فارم پر بہترین معیارات کے فروغ کی حامل ہے۔ کابینہ نے آسٹریلیا کو پاکستان سے تازہ آموں کی برآمد کے لئے وزارت قومی غذائی تحفظ کے ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن اور آسٹریلیا کے محکمہ زراعت، فشریز اور جنگلات کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بات چیت اور دستخط کے لئے موثر بماضی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے 30 جون کے بعد افغان مہاجرین کی واپسی کے مسئلے پر بھی غور کیا اور فیصلہ کیا کہ ان کے لئے رجسٹریشن کارڈ کے ثبوت کو 2015ءتک توسیع دی جائے۔اجلاس میں وزیراعظم کے دورہ چین اور مشیر خارجہ کے دورہ افغانستان پر بریفنگ دی گئی۔ چین کے ایگزم بنک کے ساتھ معاشی راہداری میں ایم او یو کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے قطر سے ایل این جی کی درآمد، ایل این جی کی درآمد کیلئے کراچی میں تین ٹرمینل بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اینگرو کے ایل پی جی ٹرمینل اور سوئی سدرن کا ایل پی جی ٹرمینل ایل این جی میں تبدیل کردئیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چودھری عبد المجید کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے فیصلے کی حمایت نہ کرنے اور اس معاملے پر حکومت پاکستان کے غیر جانبدار رہنے کے وزیراعظم کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ وفاقی کابینہ نے توقع ظاہر کی کہ وزیر اعظم کے فیصلے سے جمہوری و پارلیمانی نظام اور سیاسی قوتوں کو تقویت حاصل ہو گی۔کابینہ نے صدارتی انتخاب کے بارے میں انتظامات کی منظوری دی۔ کابینہ نے ممنون حسین کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفاقی کابینہ نے سیاسی صورتحال، امن وامان کے حالات دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجہ میں پیدا شدہ صورتحال پر غور کیا اس بارے میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کابینہ کو ان واقعات اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات، صوبائی حکومتوں کو اس بارے میں تعاون فراہم کرنے اور اپنے دورہ کراچی کے بارے میں آگاہ کیا۔کابینہ کو انسداد دہشت گردی کی موثر پالیسی کے چیدہ چیدہ نکات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کابینہ کو مجوزہ اے پی سی کے بارے میں اعتماد میں لیا۔ توانائی کی پالیسی پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کابینہ ارکان کو توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری سے خطے اور ملک کے حالات بدل کر رکھ دیں گے۔ پاکستان چین اقتصادی تعاون سے خطے میں معاشی انقلاب آئے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں مسلم لیگ (ن) پارٹی نہیں بنے گی۔ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے آزاد کشمیر کے ارکان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر کے ارکان پارٹی پالیسی کی پابندی کریں۔کابینہ نے افغان مہاجرین کی واپسی سرحدوں پر دراندازی روکنے اور سکیورٹی امور پر کمیٹی قائم کر دی ہے وفاقی وزراءچودھری نثار، پرویز رشید اور سیکرٹری دفاع کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ وزیراعظم نے 29 جولائی کو پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔وفاقی کابینہ نے پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبے اور چین میں کئے گئے معاہدوں کی توثیق کی۔کابینہ کو افغانستان میں قیام امن مفاہمتی عمل کی کامیابی اور افغان طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کے ممکنہ کردار پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی سخت الفاظ میں مذمت کی افغانستان سے تعلقات کے بارے میں خارجہ پالیسی میں نئی تبدیلیوں کی حمایت کی، کابینہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز کے دورہ افغانستان پر بریفنگ دی گئی، کابینہ میں واضح کیا گیا کہ افغانستان میں افغان گروپوں کے شراکت اقتدار کے ممکنہ فارمولے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔ پاکستان امن و سلامتی تعمیر نو کے حوالے سے افغان عوام اور منتخب حکومت کی خواہش کے مطابق ضرور کردار ادا کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں