تھانے میں بدسلوکی ‘ ڈی پی او اوکاڑہ سمیت 3 افسر او ایس ڈی ‘ نشان عبرت بنایا جا ئے گا: شہباز شریف

Jul 26, 2013

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے جن معاشروں میں ظلم اور ناانصافی ہو وہ نہ تو کبھی پروان چڑھتے ہیں اور نہ ہی مہذب معاشرے کہلاتے ہیں۔ قانون اور انصاف کی بالادستی اور ہر شہری کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی ہی مہذب معاشروں کی پہچان ہوتی ہے۔ عام آدمی کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی اور تھانہ کلچر میں تبدیلی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس ضمن میں کوئی بھی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اوکاڑہ تھانے کے اندر باپ بیٹے سے شرمناک سلوک کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او، ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی کو فوری طور پر او ایس ڈی بنانے اور واقعہ میں ملوث تھانے کے عملے کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیا اور کہا اس واقعہ کو مثال بناتے ہوئے اہلکاروں کو ایسی قرارواقعی سزا دی جائے کہ آئندہ کوئی بھی ایسی گھناﺅنی حرکت کا سوچ بھی نہ سکے۔ قانون کے محافظوں کا قانون کو ہاتھ میںلینا انتہائی سفاکی اور پستی کا مظاہرہ ہے۔ وہ ایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال، توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات اور دیگر امور پر غور کیا گیا۔ محمد شہباز شریف نے کہا اوکاڑہ کے گاﺅں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران پولیس کانسٹیبل کی شہادت یقینا افسوسناک واقعہ ہے اور اس میں ملوث افراد کو سخت سزا ملے گی لیکن اس واقعہ کی آڑ میں اوکاڑہ تھانے میں باپ بیٹے سے جو شرمناک سلوک کیا گیا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ قانون کے رکھوالے خود ہی قانون کو ہاتھ میں لے لیں اور قانون و انصاف کی دھجیاں اڑا دیں تو اس سے بڑھ کرشرمناک حرکت اور کیا ہو سکتی ہے، یہ ناقابل معافی جرم ہے۔ انہوں نے کہا اس افسوسناک واقعے میں ملوث اہلکاروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ انہوں نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جا رہے ہیں اور روایتی طریقوں کے ساتھ متبادل ذرائع سے بھی توانائی کے حصول کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔ لاہور میں جلد انرجی کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں کابینہ اجلاس میں صوبائی وزیر آصف منہیس کی دادی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ مزیدبرآں راولپنڈی ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پنجاب میں شفافیت، میرٹ، قانون اور انصاف کی عملداری کی نئی مثالیں قائم کریں گے۔ منتخب نمائندے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کے مسائل کے حل کیلئے اپنے شب و روز ایک کر دیں۔ گیس اور بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈا¶ن بلاامتیاز جاری رہے گا، کسی دبا¶ کو خاطر میں نہیں لائیں گے جبکہ ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی تھائی لینڈ کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پنجاب حکومت سرکاری اداروں اور محکموں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اس موقع پر جوناتھن شا نے ایشین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی تھائی لینڈ اور پنجاب حکومت کے مابین جاری تعاون کے مختلف پروگرامز پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں نئے پروگراموں کے حوالے سے آگاہ کیا۔

مزیدخبریں