جدہ (آن لائن) وزیر اعظم محمد نواز شریف سے سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی ملاقات کی مزید تفصیلات کے مطابق شاہ عبداللہ نے یقین دلایا ہے کہ سعودی عرب تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائیگا۔ وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ بھائیوں جیسے تعلقات ہیں۔ ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی ملاقات میں شاہ عبداللہ کے علاوہ نائب وزیراعظم شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز دوسرے نائب وزیراعظم شہزادہ مقرن عبدالعزیز ودیگر موجود تھے۔ شاہ عبداللہ نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان کی عزت کرتے ہیں۔ قیام پاکستان سے اب تک ہمارے پاکستان دیرینہ تعلقات ہیں ہم پاکستان کی ہر حالت میں حمایت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے گرمجوشی سے استقبال اور سعودی شاہ کی نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان خصوصی بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی اہمیت دیتی ہے۔ یہ تعلقات مضوبط بنانے کے خواہاں ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر بات چیت کرتے ہوئے مشکل کی اس گھڑی میں اتحاد ویکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔
نواز شریف/ شاہ عبداللہ