اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں چیئرمین پیمرا کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے وفاق کے وکیل کو دوبارہ ترمیم شدہ درخواست دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور اور ممبر ایگزیکٹو کمال الدین کی تقرری کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا جس کیخلاف وفاق نے پہلے ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھ جسے بعد ازاں واپس لے لیا گیا اور سپریم کورٹ میں معطلی کے فیصلے کو چیلنج کر دیا۔ جمعہ کو چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں دو بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ وفاق کی جانب سے بیرسٹر محمود اے شیخ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ چیئرمین کی معطلی سے ادارے کے متعدد کام رک گئے ہیں جس سے کئی مسائل کا سامنا ہے۔ عدالت نے ان سے استفسار کیاکہ آپ مقدمہ میں کس کی نمائندگی کر رہے ہیں تو انہوں نے کہاکہ میں وفاق کے علاوہ پرویز راٹھور اور کمال الدین کا وکیل ہوں جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کسی ایک فریق کی نمائندگی کر سکتے ہیں یا تو وفاق کی جانب سے پیش ہوں یا پرویز راٹھور اور کمال الدین کی جانب سے۔
پیمراکیس