کراچی: پرتشدد واقعات، پولیس اہلکار سمیت 6 جاں بحق، 3 دہشت گرد ہلاک

Jul 26, 2014

کراچی (کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) کراچی  میں جمعہ کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں تعمیراتی  کمپنی کے مالک سمیت 6 افراد ہلاک جبکہ مقابلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ تفصیلات  کے مطابق پی آئی بی کالونی  یونیورسٹی روڈ پر  موٹر سائیکل  سوار افراد نے کار پر فائرنگ کرکے   تعمیراتی کمپنی  کے مالک 60 سالہ  رضوان  بٹ کو ہلاک کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ رضوان بٹ کو بھتہ خوروں کی دھمکیاںمل رہی تھیں۔  ادھر گلستان  جوہر کے بلاکس  سیون میں  نالے سے 30سالہ  شخص محمد خان کی نعش ملی جسے پیٹ میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ  ماری  پور روڈ پر مچھر کالونی  کے نزدیک ایک   شخص کی بوری  بندلاش ملی جسے  تشدد  کرکے ہلاک کیا گیا تھا مقتول کی عمر تقریباً 35 سال تھی   تاہم فوری  طور پر اس  کی شناخت   نہیں ہو سکی۔  اورنگی ٹائون میں اسلام چوک پر نامعلوم افراد کی  فائرنگ سے 25 سالہ   شاہد، میٹھادر میں زاہدخان، کلاکوٹ میں رفیق،  ملیر سٹی میں محمد آصف، سولجر بازار میں ولد ایوب  اور ملیر میں تیمور  زخمی ہو گیا۔ مزید برآں افطار کے  وقت فیڈرل کیپیٹل ایریا لیاقت آباد میں فائرنگ سے 40 سالہ  ساجد اقبال ہلاک   ہو گیا۔ لانڈھی نمبر 6 میں  سبحا نی مسجد   کے نزدیک  فائرنگ کرکے 35 سالہ شخص  کو ہلاک کر دیا گیا   اور فرنٹیئر کالونی   میں نامعلوم  افراد  کی فائرنگ سے7  سالہ بچہ  زخمی  ہوگیا جب کہ گلشن اقبال میں  مسکن پراپرٹی پر  مسلح  افرادکی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔   ایف سی ایریا میں  فائرنگ سے  ساجد ولداقبال کے ہلاک ہونے  کے بعدرینجرز نے فوری کارروائی  کرتے  ہوئے فائرنگ  میںملوث تین افرادکو گرفتار کرلیا ہے۔ منگھو پیر میں اجتماع گاہ روڈ پر رینجرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ 2 کو زخمی حالت میں پکڑ لیا گیا۔ ملزموں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا۔ دہشت گردوں کی گولی لگنے سے رینجرز کا ایک اہلکار زخمی ہوا جبکہ گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب گوشت کی دکان پر فائرنگ سے دکاندار ہلاک ہو گیا۔ رات گئے لیاقت آباد پولیس کیمپ پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے خاتون اہلکار زخمی ہوئی، ملزمان فرار ہوگئے۔

مزیدخبریں