ڈکیتی کی متعدد وارداتیں‘ شاہدرہ میں ڈاکوئوں اور پولیس میں فائرنگ تین شہری زخمی

لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے جبکہ شاہدرہ میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین شہری اور ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔ شاہدرہ ٹاؤن انڈر پاس کے قریب دو ڈاکو ناکہ لگا کر راہگیروں کو لوٹ رہے تھے اچانک وہاں محافظ سکواڈ پولیس کو دو اہلکار پہنچ گئے جس پر ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کی زد میں آ کر ایک ڈاکو زخمی اور تین راہگیر عرفان، ساجد اور عثمان گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ پولیس نے زخمی ہونے والے ڈاکو کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا ہے زخمی ہونے والے ڈاکو کا نام عمران ہے اور وہ مالی پورہ کا رہائشی ہے اس کے فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ شاہدرہ کے علاقہ چٹھہ پارک میں دو ڈاکوؤں نے سید محسن سے 11ہزار کی نقدی اور موبائل چھیننے کے بعد مزاحمت کرنے پر اسے پسٹل کے بٹ مار زخمی کر دیا۔ نشتر کالونی کوٹ ودھاوا سنگھ کے شکیل کے گھر سے چار ڈاکو دو لاکھ روپے وزیورات، ہربنس پورہ میں واقع یوٹیلٹی سٹور سے 12ہزار، فیکٹری ایریا غازی رود پر واقع باہو المونیم سے تین ڈاکو ایک لاکھ، باغبانپورہ گل بہار ٹاؤن میں واقع بیکری سے 62 ہزاراور شاد باغ چوک ناخدا میں واقع احسان کی دکان سے دو ڈاکو 10ہزار، نشتر کالونی میں واقع عظیم کی دکان سے 80ہزار، گلشن راوی اے بلاک میں واقع طیب کی دکان سے 30ہزار کی نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔ اسلام پورہ سنت نگر میں شہباز اور ان کی فیملی سے پولیس نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکلوں پر سوار چار ڈاکوؤں نے دو لاکھ، سنت نگر میں ہی چار ڈاکوؤں نے وقاص سے ایک لاکھ، اسلام پورہ میں ہی سیشن کورٹ کے قریب دو ڈاکوؤں نے عقیل سے بیس ہزار، مغل پورہ مچھلی والا چوک میں افرازسے76 ہزار، ڈیفنس بی جی بلاک میں حسن ایاز اور اس کی فیملی سے چالیس ہزار، غازی آباد، تاج پورہ میں زاہد رفیق سے بیس ہزار شمالی چھاؤنی فیصل ٹاؤن میں عمران، فیصل ٹاؤن مولانا شوکت علی روڈ سے طارق، شاد باغ بیری والا چوک میں وقار سے موٹرسائیکلیں، موبائل اور نقدی چھین لی۔ چوروں نے سندر کے علاقہ بحریہ ٹاؤن کے رہائشی رانا اعظم کے گھر سے ساڑھے 20 لاکھ روپے، شاہدرہ ٹاؤن بھٹو کالونی کے رہائشی فیاض کے گھر سے 13لاکھ روپے، فیصل ٹاؤن ایم بلاک کے رہائشی قیصر کے گھر سے 6 لاکھ روپے کی نقدی، زیورات دیگر سامان لوٹ لیا۔ چوروں نے گلشن اقبال سے بلال، اقبال ٹاؤن سے ادریس، ستوکتلہ سے نجم اور نواب ٹاؤن سے غفار کی گاڑیاں جبکہ با دامی باغ سے شکیل، شادباغ سے احسان، وحدت کالونی سے حامد، ٹاؤن شپ سے محمود، ڈیفنس سے اسحاق، نواں کوٹ سے شہباز کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔
ڈاکے

ای پیپر دی نیشن