پشاور (این این آئی) گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے پاکستانی قبائل کو اپنے ہاںہجرت کی ترغیب دینے کی بجائے افغان انتظامیہ اپنے یہ وسائل اورصلاحیت کئی دہائیوں سے وطن واپسی کے منتظر لاکھوں افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی اور بحالی پر صرف کرے جس سے لاکھوں افغانوں کو مہاجرت اور پاکستان کی معیشت اور انفراسٹرکچرکو اضافی بوجھ سے نجات مل سکے گی، وہ صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ افغان حکومت کی جانب سے شمالی وزیرستان کے قبائل کو افغانستان نقل مکانی کیلئے مالی وسائل سمیت مختلف پرکشش ترغیبات دینے اور مہاجر کیمپوں کے قیام سے متعلق سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادرپڑوسی ملک ہے ہم اس کی آزادی اور خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔ ہمارے لئے یہ امر باعث مسرت ہے کہ افغانستان اب اس امرکی صلاحیت اور وسائل رکھتا ہے کہ وہ بحرانوں سے متاثرہ دوسرے ممالک کے لوگوں کو پناہ اوروسائل و سہولیات دینے کے لئے انہیںاپنے ہاں ہجرت کیلئے مدعو کرے۔ مصیبت زدہ لوگوں کی مدد اپنی جگہ لیکن افغان حکومت کی جانب سے ہمارے شمالی وزیرستان کے قبائل کواپنے ہاںہجرت پر آمادہ کرنے کیلئے مالی وسائل سمیت مختلف سہولیات کی فراہمی کی پرکشش ترغیبات دینا ہمارے معاملات میں غیرضروری مداخلت ہے۔ انہوں نے کہا بہتر یہ ہوگاکہ افغان انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے وسائل اور توانائیاں دوسروں کے معاملات میں غیرضروری ٹانگ اڑانے پرصرف کرنے کی بجائے ان لاکھوں افغانوں کی باعزت وطن واپسی اور بحالی پر صرف کرے اور پہلی فرصت میں اس کا آغاز پاکستان میں موجود پندرہ بیس لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے کیا جائے۔ سردار مہتاب احمدخان نے کہا کہ جہاں تک شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کا تعلق ہے ابتدائی مرحلہ میں افغانستان جانے وال خاندانوں کی بڑی تعدادکرم ایجنسی کے راستے پاکستان واپس آچکی ہے جنہیں رجسٹریشن سمیت تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہت بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی کے باوجود وزیراعظم میاں نوازشریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت خیبر پختونخوا حکومت اور پاک فوج کے تعاون سے ان آئی ڈی پیز کو امداد اور سہولیات کی فراہمی کی ہرممکن کوشش کررہی ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت خصوصاً وزیراعلی میاں شہباز شریف کا تعاون بھی قابل قدر ہے۔ انہوں نے ایسے کسی تاثرکو مستردکرتے ہوئے کہا کہ ایسے کسی بھی نقصان سے بچنے کے لئے وہاں کی عام آبادی کو نقل مکانی کا موقع فراہم کیاگیا اور ہمارے قبائل نے پاکستان کی سالمیت اور دفاع کی خاطر اپنے گھربار چھوڑنے کی قربانی دی جس کا پوری قوم کو کھلے دل سے اعتراف ہے۔
مہتاب عباسی