لاہور + گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگاران) میٹرک سالانہ امتحان 2014 ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق لاہور بورڈ کے امتحان میں کامیابی کا تناسب 66.94% رہا۔ نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے امیدواران کیلئے الحمرا ہال نمبر 2 میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیئرمین لاہور بورڈ ڈاکٹر محمد نصراللہ ورک نے خطبہ استقبالیہ دیا، سالانہ امتحان 2014ء میں 187335 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 124343 امیدواران کامیاب ہوئے جبکہ گوجرانوالہ بورڈ کے نتائج 69.97 فیصد رہا۔ امتحان میں 164165 امیدواروں نے شرکت کی جس میں سے 114863 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ لاہور بورڈ میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشینز حاصل کرنے والے امیدواران کو بالترتیب 20,000/- 15000/- اور 10,000/- روپے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کے ساتھ گولڈ، سلور اور برائونز میڈلز سے بھی نوازا گیا ۔ مجموعی طور پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار اسامہ قمر کو لیپ ٹاپ سے بھی نوازا گیاسیکنڈری سکول ضمنی امتحان2014ء مورخہ 9 ستمبر 2014ء سے شروع ہوگا جس کیلئے داخلہ بغیر لیٹ فیس 08-08-2014، دوگنا فیس کے ساتھ 15-08-2014 جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ 20-08-2014 تک بذریعہ آن لائن جمع کرواسکتے ہیں۔ امیدواران کی سہولت کیلئے پہلی دفعہ اپنی جوابی کاپیوں کی پڑتال کیلئے درخواستیں بذریعہ آن لائن وصول کی جائیں گی۔ امیدواران اپنی درخواستیں نتائج کی اشاعت کے بعد 15 یوم کے اندر اندر جمع کروا سکتے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کینڈین مولوی الگ لاپ لا رہا ہے جبکہ عمران خان ہر بار لند ن سے واپسی پر نئی پالیسی بنا لیتے ہیں۔ 14اگست کو قانون کو ہاتھ میں لینے والے والوں سے قانون کے ذریعے ہی نمٹا جائے گا علاوہ ازیں گوجرانوالہ بورڈ آفس میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ممبران صوبائی اسمبلی حاجی عبدالرئوف مغل‘ رفاقت علی گجر‘ پیر سید محفوظ مشہدی‘ چیئرمین بورڈ محمد اسلم سیکھو‘ کنٹر ولر امتحانات ڈاکٹر محمد تنویر ظفر کے علاوہ ڈپٹی ڈائر یکٹر کالجز نعیم اللہ او رمختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان‘ اساتذہ کرام‘ والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ صوبائی وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات مملکت خداد اد اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور درخشندہ ستارے ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کامستقبل ہیں۔ وزیراعلی شہبازشریف پوزیشن ہولڈرزطلباء وطالبات کو وزیراعلی ہائوس میں بلاکر ان سے خود ملاقات کریں گے اور اپنا دستخط شدہ تعریفی سرٹیفکیٹس کے علاوہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو نقد 3 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 2 لاکھ اور تیسری پوزیشن کے حامل کومبلغ ایک لاکھ روپے کا کیش پرائز اور لیپ ٹیپ بھی دیں گے۔ بورڈ کا تمام ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے اور سسٹم کو فول پروف بنا دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے 13 ماہ کے قلیل عرصہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت اب تک 21 ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبے اپروو کئے ہیں اور 10 ہزار میگاواٹ پر کام شروع ہے اور اگلے سال لوڈشیڈنگ میں نمایاںکمی ہونا شروع ہوجائیگی۔ نمائندگان کے مطابق فیصل آباد میں میٹرک کے امتحان میں ایک لاکھ 23 ہزار 946 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 87 ہزار 637 امیدوار کامیاب ہوئے۔ کامیابی کا تناسب 77.74 فیصد رہا، سرگودھا میں سیکنڈری سکول امتحان سالانہ 2014ء میں 58965 امیدواروں نے حصہ لیا، 40106 کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 68.01 فیصد رہا۔ ساہیوال بورڈ کے امتحان میں 48589 طلبہ و طالبات نے شرکت کی جس میں 31436 بھی کامیاب ہوئے۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 64.70 فیصد رہا۔ بہاولپور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 70.11 فیصد رہا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی بورڈ کے امتحان میں مجموعی طور پر 119000 امیدواروں نے حصہ لیا جن میں سے 62293 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 70.51 فیصد رہا۔
میٹرک: لاہور بورڈ کا نتیجہ 69.97 فیصد رہا‘ گوجرانوالہ میں 114863 طلبا کامیاب
Jul 26, 2014