اسلام آباد (آئی این پی) آئین کے آرٹیکل 245 کی چار شقیں ہیں، پہلی شق کے مطابق وفاقی حکومت ملک کو درپیش بیرونی خطرات کے دفاع، جنگ کی دھمکی اور قانون کی عملداری کیلئے سول انتظامیہ کی مدد کے لئے فوج کو طلب کر سکتی ہے۔ اس آرٹیکل کی شق نمبر 2 کے مطابق وفاقی حکومت کے اس اقدام کو کسی عدالت میں زیر بحث نہیں لایا جا سکتا۔ آرٹیکل 245 کی تیسری شق کے تحت ملک کی ہائیکورٹس آئین کے آرٹیکل 199کے تحت حاصل اختیارات سول انتظامیہ کی مدد کے لئے فوج کی کارروائی کے خلاف استعمال نہیں کر سکتیں تاہم فوج طلب کئے جانے سے قبل مقدمات کی سماعت متاثر نہیں ہو گی۔ اس آرٹیکل کی شق نمبر 4کے تحت جس علاقے میں فوج سول انتظامیہ کی مدد کر رہی ہو اس علاقہ کے حوالے سے ہائی کورٹس میں چلنے والے مقدمات کی سماعت نہیں کی جا سکے گی۔