اسلام آباد + لاہور (صباح نیوز) اسلام آباد، راولپنڈی، آزاد کشمیر، خیبر پی کے اور جنوبی پنجاب میں ایک روز قبل آنے والے زلزلے کی مزید تفصیل کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقہ ناڑا میں ایک مکان کی چھت گرنے کے نتیجہ میں 2 خواتین اور ایک بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جمعہ کی رات اسلام آباد سے 15 کلو میٹر شمال مشرق میں زمین نے حرکت کی اور آزاد کشمیر سے پنجاب تک شہر لرز گئے۔ ایبٹ آباد میں مقامی افراد اور امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے نعشوں کو ملبہ ہٹا کر باہر نکالا۔ اسلام آباد میں کئی مکانات کی کھڑکیاں ٹوٹنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ روز بھی سوات شہر اور گرد و نواح کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندو کش اور گہرائی 78 کلو میٹر تھی۔