امام صحافت مجید نظامی کی پہلی برسی آج منائی جائیگی

Jul 26, 2015

لاہور (خبرنگار+ خصوصی رپورٹر) امام صحافت، محافظ پاکستان اور معمار نوائے وقت گروپ ڈاکٹر مجید نظامی کی پہلی برسی آج منائی جائیگی۔ ڈاکٹر مجید نظامی 3اپریل 1928ء کو پیدا ہوئے۔ انکی وفات 27رمضان المبارک 1435ھ (26جولائی 2014ئ) کو ہوئی تھی۔ قبرستان میانی صاحب میں صبح 9بجے انکے چاہنے والے انکے مزار پر حاضری دیں گے جس کے بعد صبح 10بجے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی، دعا اور ختم شریف ہو گا، پونے 12 بجے لنگر تقسیم ہو گا۔ بعدازاں سہ پہر 4 بجے نوائے وقت مسجد میں ختم قرآن پاک اور دعا اور نماز عصر ہو گی۔ ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں کل نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے قول ڈاکٹر مجید نظامی ’’تکمیل پاکستان ہدف…… مقبوضہ کشمیر کی آزادی‘‘ کے موضوع پر انعامی تقرری مقابلہ ہو گا جس میں سکولوں کے طالب علم حصہ لیں گے۔ منگل کو ’’ڈاکٹر مجید نظامی…… حق گوئی و بیباکی کی علامت‘‘ کے موضوع پر کالجوں کے طلبا کے درمیان انعامی تقریری مقابلہ ہو گا۔ ان تقریبات کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ پہلی برسی کے موقع پر آج 9 بجے صبح نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیدار اور کارکن قبرستان میانی صاحب میں انکے مزار پر حاضری دیں گے اور انکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کریں گے۔ پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے۔ بعدازاں 10:00 بجے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں محفل قرآن خوانی ہوگی، ختم و دعا 11:30 بجے ہو گی۔

مزیدخبریں