اوکاڑہ چھائونی + ساہیوال (نامہ نگاران) گذشتہ روز قومی شاہراہ کو بند کرکے احتجاج کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں سینکڑوں افراد کے خلاف تھانہ یوسف والا میں مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مزید گرفتاریوں کے لئے چھاپے جاری ہیں۔ رات گئے تک ساہیوال ڈویژن پولیس کی اعلیٰ قیادت کی نگرانی میں ہونے والے گرینڈ آپریشن کے دوران اسلحہ، منشیات کی بھاری مقدار، شراب کی چالو بھٹیاں بھی برآمد ہوئیں تو دوسری جانب پولیس اہلکاروں نے آپریشن کے دوران گھروں ، دوکانوںکا حلیہ بھی بگاڑ کر رکھ دیا جس کے ہاتھ جو لگا مال غنیمت سمجھ کر ساتھ لے گئے۔ پولیس کا گشت تاحال جاری ہے اور جلائی جانے والی سرکاری گاڑیاں جائے وقوعہ سے ہٹا دی گئیں۔ پولیس کے مطابق 155 نامزد افراد اور 225 نامعلوم افراد کے خلاف کے خلاف 16 ایم پی او اور 7 اے ٹی اے سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ آپریشن کے دوران کئی افراد کے لاپتہ ہونے جبکہ متعدد کے پولیس کے خوف سے نہر میں چھلانگ لگا کر ڈوب جانے کی بھی متضاد اطلاعات زیر گردش ہیں۔