اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کو ٹیلیفون کیا اور ان سے 23 جولائی کو کابل میں بدترین دہشت گردی پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے اظہار تعزیت کیا۔ دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اور عوام مصیبت کی اس گھڑی میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں افغانستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور اسے مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ دہشت گردی دونوں ممالک کی مشترکہ دشمن ہے۔ افغانستان کے صدر نے اظہار یکجہتی پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ صدر اشرف غنی نے کہا دونوں ممالک کو تواتر سے دہشت گردی کے حملوں کا سامنا ہے جس سے عوام کا نقصان ہو رہا ہے۔ نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور افغانستان اکٹھے ہیں۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی و انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے افغانستان کے ساتھ گہرے تعاون کا سخت حامی ہے۔ وزیر اعظم نے دھماکوں کی تحقیقات میں ہر قسم کے تعاون کا یقین بھی دلایا۔