اعلیٰ حکام وائلڈ لائف کا کارنامہ‘ چند ہزار کی یونیفارم‘ لاکھوں کی تقریبات کا انعقاد

لاہور (چودھری اشرف) محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کے اعلیٰ حکام کا کارنامہ، وائلڈ لائف واچر کی چند ہزار کی یونیفارم تقسیم کرنے کیلئے لاکھوں روپے کی تقریبات منعقد ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ تحفظ جنگلی حیات پنجاب کی جانب سے صوبے کے مختلف ڈسٹرکٹ میں بھرتی ہونیوالے وائلڈ لائف واچر میں یونیفارم تقسیم کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں پہلی تقریب گزشتہ دنوں 21 جولائی کو فیصل آباد میں منعقد کی گئی تھی جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف پنجاب تھے۔ اس تقریب میں 53 وائلڈ لائف واچرز میں نئی یونیفارم تقسیم کی گئی۔ حیران کن طور پر چار سے پانچ ہزار روپے مالیت کی فی کس یونیفارم کی تقسیم کیلئے منعقد ہونیوالی تقریب میں مہمانوں کی تواضع کیلئے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ایک تقریب پر ایک لاکھ روپے سے سوا لاکھ روپے کے اخراجات آئے ہیں۔ اسی سلسلہ کی دوسری تقریب کل گوجرانوالہ میں منعقد ہونے جا رہی ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ لاہور ڈی جی آفس سے خصوصی ٹیم نے گذشتہ روز تیاریوں کا جائزہ لیا۔ گوجرانوالہ کے ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف افسر کی کوشش ہے کہ وہ اعلیٰ حکام کیلئے فیصل آباد سے اچھی تقریب منعقد کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ گوجرانوالہ کے بعد لاہور ریجن میں بھی تقریب کا شیڈول دیا گیا ہے۔ محکمہ کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ وائلڈ لائف واچر کی ایک یونیفارم جس میں شوز بھی شامل ہیں تقریباً پانچ ہزار روپے مالیت کی ہوتی ہے اور تقریباً 50 لاکھ روپے مالیت کی یونیفارم وائلڈ لائف واچرز میں تقسیم کی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ محکمہ کی جانب سے جیسی تقریبات کا آغاز کیا گیا ہے اس پر لاکھوں روپے خرچ آئیں گے جو کسی کے کام نہیں آئیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل تحفظ جنگلی حیات پنجاب سے رابطہ کرنے کی کوشش کیلئے دفتر گئے تو بتایا گیا کہ وہ چھٹی پر ہیں۔ ترجمان سے رابطہ کیا گیا تہ ان کا کہنا تھا کہ تقریبات منعقد کرنے کا مقصد وائلڈ لائف واچر کے مسائل سننا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کرنا ہے۔ فیصل آباد میں یونین کی حلف برداری کی تقریب بھی تھی جس کی وجہ سے کھانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ فیصل آباد گٹ والا پارک میں سرکاری ہال ہونے کے باوجود پرائیویٹ شادی ہال میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...