لاہور+مریدکے+ میکلوڈ گنج+جڑانوالہ (وقائع نگار خصوصی+نامہ نگار)پنجاب بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست محمد اظہر صدیق کی طرف سے دائر کی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود لاہور سمیت پنجاب بھر میں غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ چکا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کرنے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔مریدکے و گردو نواح میں شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پریشان، شہری حلقوں کا لیسکو افسران کیخلاف شدید احتجاج، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مخالفین کو تنگ کرنے کیلئے بھاری بل بھی بھجوائے جانے لگے۔ شکایت کرنے والوں کے متعلقہ افسران کو عندیہ دیا جاتا ہے کہ یہ مخالف سیاسی لوگ ہیں ہمیں اوپر سے ان کیخلاف ایکشن لینے کیلئے کہا گیا۔دوسری طرف منڈی صادق گنج میں شدید گرمی اور حبس کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے 70 سالہ سابق سکول ٹیچر دم توڑ گیا۔ماسٹر شاہ محمد کو گرمی اور حبس کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکا۔جڑانوالہ میں شدید گرمی اور حبس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ چک وسیراں کے رہائشی بے بی آف زاہد شدید گرمی کے باعث چل بسا جبکہ بڑا گھر سید والہ کا 50 سالہ خادم حسین گرمی کے باعث دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔