پی ایچ ایف نے جونیئر کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے 4 رکنی مینجمنٹ کا اعلان کر دیا

Jul 26, 2017

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مستقبل کے نوجوان جونیئر کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے چار رکنی مینجمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ منصور احمد منیجر جبکہ کوچز میں ایم عثمان شیخ، محمد ثقلین اور ریحان بٹ شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تربیتی کیمپ کے نوجوان کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے دو روزہ ٹرائلز کا بھی شیڈول اور سلیکٹرز کے ناموں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ ٹرائلز میں ایسے کھلاڑی حصہ لے سکیں گے جن کی تاریخ پیدائش یکم جنوری 1998ءکے بعد کی ہوگی۔ مردان سنٹر میں خیبر پی کے اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے نوجوان شرکت کر سکیں گے۔ جہاں امتیاز آفریدی، عمران خان، احسان اﷲ اور شوکت علی سلیکٹر کے فرائض انجام دینگے۔ جوہر ہاکی سٹیڈیم لاہور میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ٹرائلز دینگے جس کے لیے طاہر زمان، مقصود حسین اور عمران بٹ سلیکٹر ہونگے۔ کراچی کے سنٹر میں منعقد ہونے والے ٹرائلز میں سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی حصہ لینگے۔ اس کے لیے قمر ابراہیم، محمد علی اور محمد انیس کو سلیکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں