وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سانحہ فیروزپور روڈ کی تحقیقات کے لیئے جے آئی ٹی قائم کر دی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے جاری نوٹیفکشن کے مطابق جے آئی ٹی ایس ایس پی سی ٹی ڈی محمد اقبال کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے جس میں انسپکٹر سی آئی اے طارق الیاس کیانی، انوسٹی گیشن آفیسر سی ٹی ڈی انسپکٹر محمد صدیق، آئی ایس آئی اور آئی بی کا بھی ایک، ایک نمائندہ شامل ہے۔اس سے قبل حساس اداروں نے بند روڈ کے علاقے سے ایک مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو فیروز پور روڈ دھماکے میں ملوث ہوسکتا ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری داخلہ کو جے آئی ٹی بنانے کی ہدایت کردی جو اپنی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں جمع کرائےگی۔دوسری جانب جب تحقیقاتی ٹیموں نے شواہد اکٹھا کرنے شروع کئے تو معلوم ہوا کہ دھماکے کی جگہ پر کیمرے اور پول لگے ہیں جو فعال نہیں۔ وزیراعلیٰ نے ایک اجلاس میں اس پر برہمی کا اظہار کیا۔ دھماکے کے روز بھی شہباز شریف جائے وقوعہ سے سو گز کے فاصلے پر اجلاس کر رہے تھے۔
سانحہ فیروزپور روڈ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی قائم کردی گئی
Jul 26, 2017 | 13:12