لاہور (خصوصی رپورٹر) آبروئے صحافت، معمار نوائے وقت گروپ اور امام صحافت ڈاکٹر مجید نظامی مرحوم کی چوتھی برسی آج جمعرات 26 جولائی کو عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ تحریک پاکستان کے کارکنان اور ان کی اولادیں تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن کی حیثیت سے ڈاکٹر مجید نظامی کی خدمات پر انہیں تقاریب میں خراج عقیدت پیش کریں گی۔ صحافتی تنظیمیں، سیاسی جماعتیں اور سماجی تنظیمیں ڈاکٹر مجید نظامی کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کرائیں گی۔ نوائے وقت بلڈنگ مسجد میں نماز عصر کے بعد ڈاکٹر مجید نظامی کیلئے قرآن خوانی ہو گی اور قبل از نماز مغرب اجتماعی دعا کی جائے گی۔ نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے زیراہتمام تحریک پاکستان کے کارکنوں، دانشوروں اور صحافیوں کا وفد ڈاکٹر مجید نظامی کے مزار میانی صاحب نزد الریحان مسجد باغ گل بیگم صبح نو بجے حاضری دے گا اور پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی۔
مجید نظامی/ برسی