پشاور(بیورورپورٹ)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے29 پشاورکے پولنگ سٹیشن حاجی بانڈہ میںخواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکاگیا،پولنگ اسٹیشن کی پریزائیڈنگ آفیسر شاہدہ انجم کے مطابق پولنگ کا عمل شروع ہونے کے تین گھنٹے گزرنے کے بعد صرف ایک خاتون ووٹ پول کرنے آئی اور اس کے علاوہ کوئی خاتون پولنگ اسٹیشن نہیں آئی جبکہ علاقے میں رجسٹرڈ خواتین ووٹروں کی تعداد 997 ہے ۔پریزائیڈنگ آفیسرنے بتایاکہ علاقے کے ذمہ داران سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ امیدواروں نے مشترکہ طور پر خواتین کے ووٹ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیاہے واضح رہے کہ گزشتہ دو عام انتخابات کے موقع پر بھی اس علاقے میں خواتین اپناحق رائے استعمال نہیں کرسکی تھیں این اے29پر مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدرامیرمقام ، تحریک انصاف کے ناصرموسیٰ زئی اور عوامی نیشنل پارٹی کے ارباب کمال کے مابین اصل مقابلہ ہے ،دوسری جانب الیکشن کمیشن نے حاجی بانڈہ میں خواتین ووٹرزکو روکے جانے کانوٹس لیتے ہوئے اصل صورتحال جاننے کیلئے عملہ متعلقہ سٹیشن بھجوادیاپشاورکے دیہی علاقوں میں پولنگ سٹیشن کی دوری کے باعث بھی بیشترخواتین اپناووٹ پول نہ کرسکیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے رولز کے مطابق خواتین کے 10 فیصد ووٹ کاسٹ نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ حلقے کاالیکشن کالعدم تصور ہوگا۔دوسری جانب کئی گھنٹوں کے بعد حاجی بانڈہ پولنگ اسٹیشن میںجب ایک خاتون ووٹر نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ شوہر نے ان سے خود کہا اور ووٹ ڈالنے کی اجازت بھی دی۔