این اے 53‘ پولنگ سٹیشن کے سامنے پارکنگ‘ سیاہی بھی مدہم نکلی

اسلام آباد (سٹی رپورٹر ) وفاقی دارالحکومت میں عام انتخابات کی ووٹنگ کے دوران الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ این اے 53 میں جی سیون ون میں ووٹ کاسٹ کر کے آنے والے شہریوں نے شکایت کی کہ ووٹ کے لئے لگانے والے ٹھپے کی سیاہی اتنی مدہم تھی کہ بمشکل دکھائی پڑتی تھی۔ جب نوائے وقت نے اس صورتحال پر پولنگ سٹیشن میں ذمہ دار شخص وسیم عباس سے رابطہ کیا تو اول تو انھوں نے ٹال مٹول کی مگر آخر کار انھوں نے سٹمپ پیڈ تبدیل کرنے کا حکم دیا مگر عالم یہ تھا کہ اچھی خاصی تلاش بسیار کے بعد دوسرا پیڈ ملا۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشن کے 200 میٹر کے احاطہ میں گاڑی کی پارکنگ پر پابندی لگائی تھی مگر شہری بالکل پولنگ سٹیشن کے سامنے گاڑی کھڑی کرتے رہے اور اطراف میں بھی گاڑیاں پارک تھیں، ان گاڑیوں پر امیدواروں کے سٹیکر اور پارٹیوں کے جھنڈے بھی لگے تھے ۔ اس جانب بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ مختلف شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ باہر والی لسٹیں اندر والی لسٹوں سے میچ ہی نہیں کرتیں لہذا ووٹ کی غرض سے آنے والے اکثر مردو خواتین ووٹ ڈالے بغیر واپس گھروں کو چلے گئے-اسلام آباد کے کئی پولنگ سٹیشنوں میں یہ صورتحال درپیش رہی، ووٹرز اور الیکشن کمیشن کا عملہ پریشانی سے دو چار رہا ‘ ووٹر باہر سے پرچی لیکر اندر جاتے تھے مگر پرچی پر جو سلسلہ نمبر اور نام لکھا ہوا تھا اندر الیکشن کمیشن کے عملے کے پاس موجود لسٹوں میں اس سلسلہ نمبر کے مطابق نام ہی موجود نہیں یوں وہ افراد ووٹ ڈالنے سے قاصر رہے۔ بعض افراد نے یہ بھی شکایت کی کہ الیکشن کمیشن کے فراہم کردہ نمبر پر ایس ایم ایس کرنے پر سیریل نمبر پر جو نام دیئے جا تے رہے الیکشن کمیشن کے عملے کے پاس موجود لسٹوں میں اس سیریل کے مطابق نام ہی موجود نہیں تھا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...