لاہور (خبر نگار) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے سلطنت آف عمان کے دورے کے دوران عمانی وزارت ِ دفاع کے سیکرٹری جنرل محمد بن نصیر الراسبی اور سلطان آرمڈ فورسز کے چیف آف سٹاف، لیفٹیننٹ جنرل احمد بن حارث ال نبہنی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے مابین دفاعی اشتراک کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک مشترکہ سوچ کے ذریعے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پرروشنی ڈالی اور اس بات کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پانے جانے والے موجودہ گہرے تعلقات دونوں ممالک کی مسلح افواج بالخصوص بحری افواج کے مابین مزید مثبت سرگرمیوں کا باعث ہوں گے جس سے بحر ہند میں امن اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو گا۔ عمانی وزارت دفاع کے سیکرٹری جنرل اور سلطان آرمڈ فورسزکے چیف آف سٹاف نے دفاع کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون پر پاک بحریہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار اور خدمات کو سراہا۔ پاکستان اور عمان کے درمیان یکساں اور مشترکہ ثقافت، روایات، مذہب اور سماجی اقدار پر مبنی گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں وسعت اور اضافے کا باعث ہو گا۔