غزہ (اے ایف پی) غزہ کے شمال میں اسرائیلی فضائی حملوں میں 3فلسطینی شہید اور ایک زخمی ہو گیا ہے اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے یہودی فوجیوں پر فائرنگ کے بعد غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ادھرقابض صہیونی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 14 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران قابض فوج نے گھروں میں گھس کر خواتین اوربچوں کو زدو کوب کیا۔ قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون لوٹ لیے۔ علی الصباح اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں ایک چھاپہ مار کارروائی میں خاتون تجزیہ نگار اور صحافی لمی خاطر کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔گرفتاری سے قبل لمی خاطر کی ان کے گھر میں موجودگی کی ایک تصویر سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے اپنا کم سن بیٹا یحیی گود میں اٹھا رکھا ہے۔ اس دوران اسرائیلی فوج گھر کا دروازہ توڑ کراندر داخل ہوئی اور لمی خاطر کو خراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔خیال رہے کہ لمی خاطر سرکردہ فلسطینی خاتون دانشور اور صحافیہ ہیں۔ وہ متعدد مقامی ادبی اور سیاسی جراید میں مضامین بھی لکھتی ہیں۔ انہیں فلسطینی مزاحمتی تحریک کی پرزور حامی لکھاری سمجھا جاتا ہے۔ یہ ان کی پہلی گرفتاری نہیں بلکہ وہ اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار ہونے کے بعد اسرائیلی جیلوں میں قید رہ چکی ہیں۔