مجھے تو ابھی یہ کل کی بات ہی نظر آتی ہے۔ پانچ سال قبل 2014ء کے ماہ رمضان المبارک کا تیسرا روزہ تھا جب ہمارے مربی و محسن، امامِ صحافت مجید نظامی اپنے معمولات کے مطابق مقررہ وقت پر آفس آئے اور دفتری معاملات نمٹانے کے بعد روٹین کی ایڈیٹوریل میٹنگ کی۔ اگرچہ ان کے چہرے پر تھکن کے آثار نمایاں تھے اور دوران گفتگو ان کا لہجہ بھی خاصا دھیما تھا مگر انہوں نے حسبِ معمول ادارئیے اور شذرات کیلئے تجویز کئے گئے موضوعات پر اپنے فہم و تفکر کے مطابق کھل کر تبادلہ خیال کیا اور ان کی منظوری دی۔ ایڈیٹوریل میٹنگ کے بعد وہ گھر روانہ ہو گئے۔ انکے رخصت ہونے کے بعد ان کے دیرینہ خدمت گار محمد منیر نے مجھے بتایا کہ آج نظامی صاحب کواپنی نشست سے اٹھتے ہوئے کافی دقت کا سامنا کرنا پڑا ہے میں نے انہیں سہارا دے کر اٹھایا، خدا خیر کرے۔ آج ان کی طبیعت کافی ناساز نظر آئی ہے۔ پھر ہمیں اطلاع ملی کہ نظامی صاحب کو چیک اپ کیلئے پی آئی سی لے جایا گیا ہے، دل سے انکی صحت مندی اور درازیٔ عمر کی دعائیں نکلتی رہیں۔ پی آئی سی میں دو تین روز کے علاج معالجہ کے بعد انہیں ڈاکٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور وہیں پر 27ویں رمضان المبارک بتاریخ 26 جولائی 2014ء کو اپنی زندگی کا آخری سانس لیتے ہوئے وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ اس طرح ماہ رمضان المبارک کے تیسرے روزے کا دن نوائے وقت فیملی کے سربراہ محترم مجید نظامی کے آفس آنے کا وہ آخری دن بن گیا جب ان کی رہنمائی میں ہم نے جملہ ادارتی فرائض انجام دئیے۔ و ہ یقیناً ربِ کائنات کے عزیز بندوں میں شامل تھے اس لئے 27رمضان المبارک کا لیلۃ القدر کا مقدس دن ان کے وصال کا دن مقرر ہوا اور وہ خدائے وحدہ لا شریک کی رحمتوں، بخششوں، فضیلتوں کے خزانے سمیٹتے ہوئے اس جہانِ فانی سے رخصت ہوگئے۔ آج انہیں ہم سے جدا ہوئے پورے پانچ سال ہوگئے ہیں مگر ہمیں آج بھی یہی محسوس ہوتا ہے جیسے وہ اپنے معمولات کے مطابق آفس میں تشریف رکھتے ہیں اور ہماری رہنمائی کر رہے ہیں۔ یہ خدا کی محبوب ہستی کی حیثیت سے انکے زندہ جاوید ہونے کی علامت ہے۔ اگرچہ وہ قبرستان میانی صاحب میں ابدی نیند سو رہے ہیں مگر جملہ ادارتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ہمیں آج بھی یہی محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے لئے انکی ہدایات و رہنمائی کا چشمہ جاری و ساری ہے اور وہ اسی طرح ہماری رہنمائی کر رہے ہیں جو انکی زندگی میں ان کا خاصہ رہی ہے۔ آج انکی صاحبزادی اور نوائے وقت گروپ کی چیئرپرسن محترمہ رمیزہ مجید نظامی انہی جیسی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ساتھ اپنی جملہ ذمہ داریاں اور آزادیٔ صحافت کے تقاضے آبرومندی کے ساتھ نبھا رہی ہیں تو اس میں محترم مجید نظامی کا ودیعت کیا ہوا اعتماد ہی انکے شامل حال ہے۔
مجھے ادارہ نوائے وقت میں اپنی 38 سالہ وابستگی کے دوران 33 سال تک محترم مجید نظامی کی سرپرستی، رہنمائی اور رفاقت میسر رہی۔ اس عرصہ میں زندگی کے کئی نشیب و فراز کا سامنا رہا۔ دفتری امور میں بھی کٹھنائیوں کے کئی مراحل آئے مگر محترم مجید نظامی کی پدرانہ شفقت ہمیشہ میرے شامل حال رہی۔ میں نے نوائے وقت کے جس بھی شعبے میں کام کیا اس میں محترم مجید نظامی کی خواہش اور رضامندی کا ہی عمل دخل ہوتا تھا۔ ادارے میں رہتے ہوئے کسی خاص شعبے میں ذمہ داری یا منصب کی کبھی کوئی خواہش رہی نہ کبھی اس کا اظہار کیا۔ محترم مجید نظامی میرے لئے جو ذمہ داری اور جو منصب مناسب سمجھتے وہ تفویض کر دیا کرتے تھے چنانچہ مجھے یہی محسوس ہوتا ہے جیسے میں خاندانِ نوائے وقت کے رکن کی حیثیت سے آج بھی محترم مجید نظامی کی سرپرستی میں انکی خواہش کیمطابق ہی اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں۔ انکی سرپرستی و رفاقت سے وابستہ یادوں کے آج ذہن میں جھکڑ چل رہے ہیں۔ ہر یاد اپنی جگہ مفصل بیان کی متقاضی ہے مگر ان سب یادوں کو ایک کالم میں سمونا ممکن نہیں۔ شائد ایک ضخیم کتاب کے حجم سے بھی یہ یادیں باہر کو اچھل پڑیں۔ خدا نے اس حیات فانی میں کچھ مہلت دی تو محترم مجید نظامی سے وابستہ یادوں کو کتابی شکل دینے کا ارادہ ہے۔ فی الوقت نوائے وقت کے شعبہ ایڈیٹوریل میں محترم مجید نظامی کی سرپرستی میں گزرے آٹھ سالوں کی سنہری یادیں امڈی پڑی نظر آ رہی ہیں۔
میں نوائے وقت کے چیف رپورٹرکے منصب سے الگ ہونے کے بعد محترم مجید نظامی کی ہدایات و خواہش کے مطابق شعبہ رپورٹنگ میں اپنی ’’بیٹ‘‘ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ہفتہ وار کالم لکھنے کا سلسلہ بھی شروع کر چکا تھا۔ ذہن میں یہی تھا کہ نوائے وقت میں اب یہی میری آخری منزل ہے مگر ستمبر 2006ء میں ایک دن محترم مجید نظامی نے مجھے طلب فرمایا اور کہا کہ میری خواہش ہے آپ شعبہ رپورٹنگ سے شعبۂ ایڈیٹوریل میں آ جائیں۔ میں نے کسی پس و پیش کے بغیر سرِ تسلیم خم کیا اور محترم مجید نظامی کی رضا کے مطابق شعبہ ایڈیٹوریل کیلئے اپنی رضامندی ظاہر کر دی چنانچہ اسی وقت محترم مجید نظامی نے شعبہ ایڈمن کے متعلقہ صاحب کو بلوا کر بطور اسسٹنٹ ایڈیٹر شعبہ ایڈیٹوریل میں میری منتقلی کے احکام صادر فرما دئیے۔ اس طرح نوائے وقت کے شعبہ نیوز، میگزین اور رپورٹنگ سے ہوتے ہوئے میں شعبہ ایڈیٹوریل تک آ پہنچا۔ چونکہ لکھنے لکھانے سے پہلے بھی شغف تھا اس لئے مجھے اس شعبے میں کام کرتے ہوئے بھی کسی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا جبکہ محترم مجید نظامی کی پل پل سرپرستی بھی شامل حال تھی۔ چونکہ مجید نظامی صاحب کے ساتھ روزانہ ایڈیٹوریل میٹنگ ہوتی تھی اس لئے ان سے روزانہ رہنمائی لینے کا موقع بھی ملتا رہا۔ روزانہ مقررہ وقت پر آفس آنا اور دوسرے دفتری امور نمٹانے کے ساتھ ساتھ ایڈیٹوریل میٹنگ لینا بھی ان کا معمول تھا جس میں نوائے وقت شعبہ ایڈیٹوریل کے ارکان کے علاوہ ایڈیٹر دی نیشن بھی شریک ہوتے اور مختلف موضوعات پر سیر حاصل بحث کے بعد ادارئیے اور شذرات کے موضوعات کا انتخاب ہوتا۔ اتوار کے روز وہ اپنے گھر پر میرے پیشرو ڈپٹی ایڈیٹر نوائے وقت اور انکے بعد میرے ساتھ ایڈیٹوریل میٹنگ کیا کرتے تھے۔ اگر کبھی ان کی طبیعت ناساز ہوتی یا کسی دوسری مصروفیت کی وجہ سے آفس تشریف نہ لا سکتے تو ٹیلی فون پر مجوزہ موضوعات پر تبادلہ خیال کرکے اداریہ اور شذرات کیلئے گائیڈ لائن دیتے اور انتظامی معاملات پر بھی ہدایات جاری فرما دیتے۔ اسی طرح جب انہیں آفس آنے سے پہلے نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں جانا ہوتا تو گھر سے ان کا پیغام آ جاتا کہ آفس کے باہر سڑک پر آ جائو، انکے ڈرائیور نے اس عرصہ میں انکی گاڑی کھڑی کرنے کا ایک خاص مقام منتخب کر رکھا تھا، ہمیشہ وہیں ان کی گاڑی پارک ہوتی اور پھر وہ مجھے اپنے ساتھ والی نشست پر بٹھا کر جملہ ادارتی امور پر تبادلہ خیال کرتے اور ہدایات جاری فرماتے۔ کبھی ایسا بھی ہوتا کہ وہ مجھے گاڑی میں ساتھ ہی نظریہ پاکستان ٹرسٹ تک لے جاتے اور راستے میں اداریہ اور شذرات کے موضوعات پر تبادلہ خیال کرتے رہتے۔ اگر وہ بیرون ملک جاتے تو بھی مقررہ وقت پر وہیں سے روٹین کے مطابق ٹیلی فون کرکے ضروری ہدایات صادر فرما دیتے۔ اس طرح شعبہ ایڈیٹوریل میں انکی سرپرستی میں آٹھ سال تک کام کرتے ہوئے کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا ہو گا جب ان سے بالمشافہ یا ٹیلی فونک رابطہ نہ ہوا ہو۔ شعبہ ایڈیٹوریل میں آنے کے دو ماہ بعد ہی انہوں نے مجھے ڈپٹی ایڈیٹر ایڈیٹوریل کی ذمہ داریاں تفویض کر دی تھیںاور پھر ڈپٹی ایڈیٹر کی جملہ ذمہ داریاں بھی مجھے تفویض ہو گئیں۔ مجھے آج انچارج ایڈیٹوریل کی حیثیت سے بھی یہی محسوس ہوتا ہے کہ میں محترم مجید نظامی کی سرپرستی میں ہی یہ ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں۔ انہوں نے اپنے برادر مکرم حمید نظامی مرحوم کے ودیعت کردہ جن صحافتی اصولوں کا دامن تھاما تھا، اپنی زندگی کے آخری سانس تک وہ اس پر کاربند رہے۔ وہ کہا کرتے تھے کہ میں پاکستان کیلئے جانبدار ہوں اور ہمیشہ جانبدار رہوں گا چنانچہ انہوں نے عملی طور پر بھی صرف پاکستان کی بقا‘ مضبوطی اور استحکام کیلئے کام کیا اور اس مقصد کیلئے نظریہ پاکستان کو حرزِ جاں بنائے رکھا۔ وہ نظریہ پاکستان میں کمزوری پیدا ہونا پاکستان کی بنیادوں میں کمزوری در آنے سے تعبیر کیا کرتے تھے اس لئے وہ زندگی بھر کوشاں رہے کہ بالخصوص نئی نسل کو نظریہ پاکستان سے آگاہ و روشناس رکھا جائے۔ چنانچہ نوائے وقت گروپ کے پلیٹ فارم کے علاوہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور ایوان کارکنان تحریک پاکستان کے پلیٹ فارم پر بھی وہ نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کرانے اور اسکے ساتھ پیوستہ رکھنے کا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔ آج نوائے وقت گروپ کی شکل میں انکی روشن کی ہوئی شمع اسی طرح روشنی کی کرنیں بکھیر رہی ہے اور قومی صحافت میں پاکستان کیلئے جانبداری کا ٹھوس پیغام دے رہی ہے۔ یہ انکی صاحبزادی محترمہ رمیزہ نظامی کا اعزاز ہے کہ انہوں نے مرحوم مجید نظامی کی روشن کی ہوئی شمع کو ہی صحافت کی آبیاری میں اپنے لئے مشعل راہ بنایا ہے۔ محترم مجید نظامی کی برسی تو عیسوی کیلنڈر کے مطابق 26 جولائی کو ہی منائی جاتی ہے۔ تاہم قمری کیلنڈر میں ماہ رمضان المبارک کی 27 ویںتاریخ بھی اب ہمیشہ ان کی یادوں کے ساتھ منور رہتی ہے اور 27 رمضان المبارک کو نوائے وقت گروپ کے ساتھ ساتھ نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان میں بھی مرحوم مجید نظامی کیلئے خصوصی دعا اور انکی یادیں تازہ کرنے کی تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ذات باری تعالیٰ نے انکی رحلت کیلئے اس مقدس دن کا انتخاب کرکے انکی بلند درجہ جنت مکانی کا پہلے ہی اہتمام کر دیا ہوا ہے سو ان کی یادیں ہمہ وقت تازہ رہتی ہیں۔ آج انکی پانچویں برسی کے موقع پر ملکی حالات کو دیکھ کر جدید اسلامی جمہوری فلاحی پاکستان کیلئے انکی کاوشوں اور دردمندی کا احساس دل کو کچھ زیادہ ہی ملول کررہا ہے…ع
خدا رحمت کنند ایں عاشقان پاک طینت را
مجید نظامی کی یادیں‘ 27 رمضان المبارک سے 26 جولائی تک
Jul 26, 2019