اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی+ اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی، 25جولائی 2018 کو پی ٹی آئی کارکنان اور 22کروڑ عوام نے ملکر نئی سوچ کی بنیاد رکھی، ایک فرسودہ، مراعات یافتہ، اقربا پرور اور کرپٹ نظام کو شکست ہوئی، آج کا دن پاکستان کی جمہوری تاریخ کا یادگار دن ہے۔ ہفتہ کو 25 جولائی 2018 کے انتخابات کی مناسبت سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ فرسودہ نظام کے خالق ملکی اداروں اور معیشت کو کھوکھلا کر کے ذاتی مفادات حاصل کرتے رہے۔ جب ہمیں اقتدار ملا تو ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا تھا۔ ملک قرضوں کی دلدل میں پھنسا ہوا تھا، تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود وزیراعظم کی قیادت میں نئے عزم کے ساتھ اصلاحات کی جانب بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وباء سے نا صرف نبرد آزما ہوئے، بلکہ معیشت، صحت دونوں کواہمیت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام، یکساں نصاب تعلیم، بلین ٹری سونامی، ترقی کے سفر کا آغاز ہیں، سی پیک کی رفتار تیز، ڈیمز کی تعمیر اور کم آمدن والے افراد کیلئے اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جدوجہد جاری رہے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے 25جولائی انتخابات کی مناسبت سے ویڈیو بیان جاری کردیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پچیس جولائی کو مڈل کلاس طبقے نے جیت سمیٹی دو سال سے مشکلات کے باوجود کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے ،حکومت پاکستان نے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج درست کیا ،پہلی بار پارلیمان میں کسان اور زراعت کی بات سنی گئی ،کسان اور پاکستان ایک دوسرے سے جڑے ہیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی آج دنیا معترف ہے ،کرونا میں پاکستان کی حکمت عملی کو سراہا جارہا ہے ،پاکستان بھارت سمیت بہت سے ممالک سے کرونا میں نقصان کم کرنے میں کامیاب رہا۔ مشکل فیصلے اور حکمت عملی جلد عوام کے لئے اچھا وقت لانے والی ہے ،نئے پاکستان کا خواب جلد ہی شرمندہ تعبیر ہوگا۔ پاکستان کا مڈل کلاس طبقہ پہلی بار اقتدار میں آیا۔ حکومت غریب طبقے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ احساس پروگرام کے ذریعے کمزور طبقات کی مدد کی جارہی ہے۔