اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج گورننس اور معیشت دونوں ملکی تاریخ کی بدترین حالت میں ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا کہنا تھا کہ 25 جولائی تاریخ میں ایک ایسے دن کے طورپر یاد رکھاجائے گا جس دن عوام کا مینڈیٹ چوری کیاگیا اور ملک پر ایک سلیکٹڈ حکومت مسلط ہوئی۔ ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ دوسال ثابت کررہے ہیں کہ یہ تجربہ پاکستان کو بہت مہنگا پڑا، آج گورننس اور معیشت دونوں ملکی تاریخ کی بدترین حالت میں ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ 25 جولائی پاکستانی سیاست کیلئے سیاہ ترین دن ہے اے ایف پی رہنما میاں افتخار حسین نے کہا کہ عمران نیازی کو مسلط کیا گیا جس کا خمیازہ قوم کو اٹھانا پڑ رہا ہے اس وقت بھی کہا تھا اب بھی کہتے ہیں کہ فارم 45 میں تاریخ کو تبدیل کیا گیا پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر نتائج بنائے گئے اور کپتان کو کامیاب کرایا گیا دو سال میں 26 ارب سے زائد ڈالر کا قرضہ لیا گیا حکومت کا اگلے سال بھی 15 ارب ڈالر قرضہ لینے کا پلان ہے یہ پاکستان کی تاریخ کا قرض لینے کی سب سے زیادہ شرح ہے باہر سے لوگ لائے گئے آئی ایم ایف کی غلامی میں معاشی پالیسی بنائی جا رہی ہے موجودہ حکومت ابھی تک سلیکٹڈ کے سہارے چل رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ غیر جمہوری ذہنیت کے حکمرانوں نے صدر ہاؤس کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا ہے پارلیمنٹ پر حملہ آور ہونے والے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سے پارلیمنٹ کی بے توقیری جاری رکھے ہو ئے ہیں نیر بخاری نے مزید کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کے ذریعے این ایف سی ایوارڈ اور18ویں ترمیم پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو ملکی وحدت کے لئے شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں، نیئر بخاری نے مزید کہا کہ میڈیا کی پیداوار پی ٹی آئی حکومت میں آزادی اظہار کا گلا گھونٹنے کے اقدامات ہورہے ہیں انہوں نے کہا کہ نااہل ترین حکمرانوں نے ترقی پذیر ملک میں معاشی بحران اتنا گھمبیر اور خوفناک ہے کہ پاکستان منفی شرح ترقی رکھنے والا ملک بن گیا ہے نیئر بخاری نے کہا کہ نالائق کپتان اور نااہل حکومتی ٹیم نے عوام کو کرونا اور زراعت کو ٹڈی دل کے حوالے کردیا ہے انہوں نے کہا کہ مخالفین کی کردار کشی، الزام تراشی، بد زبانی، بد اخلاقی کو سرکاری سرپرستی میں پروان چڑھایا جا رہا ہے عوام الناس پر مہنگی گیس بجلی پٹرول بم گرانے کا سلسلہ جاری ہے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کئے جا رہے ہیں ۔