ملتان (سپیشل رپورٹر)ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف خالد جاوید وڑائچ نے ضلع کچہری ملتان میں انصاف لائرز فورم کے زیر اہتمام '' احساس انصاف پروگرام ملتان'' کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانوں کا یہ بنیادی حق ہے کہ انہیں صحت، شعور اور انصاف فراہم کیا جائے۔معاشرہ کفر پر چل سکتا ہے لیکن ناانصافی پر نہیں۔میگا پراجیکٹس کا استعمال بھی انسانوں کی فلاح سے ہے،اس لیے عمران خان انسانوں کی ترقی کی بات کرتے ہیں۔اقتدار میں رہنے والی جماعتوں نے فنڈنگ کے ساتھ ہی قدم اٹھائے تھے لیکن انصاف لائرز فورم بغیر فنڈ کے کام کریں گے، خلق خدا کا دکھ رکھنے اور معاملات حل کرنے والے بڑے انسان ہوتے ہیں۔قبل ازیں ترجمان وزیر اعلیٰ و پارلیمانی کمیٹی کے رکن ندیم قریشی کا کہنا تھا کہ وکلاء نے ہمیشہ پارٹی کے لئے جدو جہد کی ہے وکلاء پارٹی کا سرمایہ ہیں جو ہر مشکل گھڑی میں سب سے آگے کھڑے ہیں۔صدر انصاف لائرز فورم شاہزیب خان افشار نے کہا کہ عمران خان کے ویڑن کے مطابق انصاف کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں اس دفتر سے جنوبی پنجاب میں سائیلین کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔احساس پروگرام شروع کیا ہے جس میں غریب اور مستحق کو مفت قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔نیشنل کونسل کے ممبر مہر شہباز سیال نے کہا کہ کمزور طبقے کا احساس کرنا اور انکی محرومیوں کو ختم کرنا انسان کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ پریس کانفرنس سے قبل ضلع کچہری میں انصاف لائرز فورم ضلعی سیکرٹریٹ آفس کا افتتاح بھی کیا گیا۔انصاف لائرز فورم کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ وکلائ کی پارٹی میں شمولیت کے لئے جلد ہی وکلاء کی رجسٹریشن شروع کردی جائے گی۔