اسلام آباد+ لاہور+ بہاولپور+ لندن (خصوصی نمائندہ +اے پی پی+ نوائے وقت رپورٹ+بیورو رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اور مصدقہ اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں۔ 2 لاکھ 36ہزار596کرونا وائرس کو شکست دیکر مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔این سی او سی کے مطابق اس وقت ملک بھر میں 30ہزار 393ایکٹو کیسز ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23ہزار630 ٹیسٹ کیے جن میں 1487نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مزید 40کرونا مریض انتقال کر گئے۔ ملک بھرمیں کروناسے جاں بحق افرادکی تعداد 5 ہزار 787ہوگئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والے ٹیسٹوں میں سندھ کے 11812، پنجاب کے7218، کے پی کے کے1772، اسلام آباد کے 2171، بلوچستان کے187، گلگت بلتستان کے 90اور آزاد کشمیر کے 380ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کرونا کے مجموعی متاثرین کی تعداد 2لاکھ72ہزار807ہے۔ لاہور میں کرونا وائرس کے مریضوں میں کمی کے بعد 7 ہسپتال مریضوں سے خالی ہوگئے۔ صوبائی دارالحکومت کے 5 سرکاری اور 19 نجی ہسپتالوں میں کرونا کے کل 153 مریض رہ گئے۔5 سرکاری ہسپتالوں میں 113 جبکہ نجی میں صرف 40 مریض زیر علاج ہیں۔ صوبائی دار الحکومت میں 23 مریض وینٹی لیٹرز جبکہ 44 مریض آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں 458 اور نجی میں 345 مریض جاں بحق ہوئے۔ میو ہسپتال میں 20، پی کے ایل آئی میں 4، سروسز ہسپتال میں 16، جناح ہسپتال میں 4، جنرل ہسپتال میں صرف 14 مریض زیر علاج ہیں۔ گنگا رام، کوٹ خواجہ سعید، سید مٹھا، چلڈرن ہسپتال اور سوشل سکیورٹی ہسپتال میں کوئی مریض زیر علاج نہیں۔ عالمی وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا میں 6 لاکھ 42 ہزار 746 اموات ہوچکی ہیں اور 1 کروڑ 59 لاکھ 41 ہزار 454 افراد متاثر ہوئے جبکہ 97 لاکھ 24 ہزار 262 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 48 ہزار 327 ہوگئی اور اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 48 ہزار 490 تک پہنچ چکی ہے۔ برازیل میں 23 لاکھ 48 ہزار سے زائد افراد کرونا سے متاثر ہیں اور 85 ہزار 385 اموات ہوئی ہیں، برازیل کے صدر کاٹیسٹ منفی آگیا۔بھارت کرونا وائرس سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 37 ہزارسے زائد ہے اور 31 ہزار 406 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ روس میں کرونا سے 8لاکھ 849 افراد متاثر ہیں اور اموات کی مجموعی تعداد 13ہزار 46ہو گئی۔جنوبی افریقہ میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزارتین سو سے بڑھ گئی جبکہ 4 لاکھ 21ہزار 996افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ پیرو میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہزار 843 جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 75ہزار سے زائد ہے۔میکسیکو میں تین لاکھ 78 ہزار 285 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور 42ہزار 645افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کچلی میں تین لاکھ 41 ہزارسے زائد افراد متاثر ہیں اور 8ہزار 914 جاں بحق ہوچکے ہیں۔سپین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28ہزار 429ہوگئی ہے جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد تین لاکھ 19ہزار سے زائد ہے۔برطانیہ میں اموات 45ہزار 677 جبکہ 2لاکھ 97ہزار سے زائد افراد سے متاثر ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا کے موذی مرض میں مبتلا 97لاکھ 24ہزار 262 مریض صحتیاب ہوئے۔ لاہور کے مزنگ اور گنگارام ہسپتال میں کرونا سے متاثرہ 120 حاملہ خواتین کا علاج کیا گیا کسی کا انتقال نہیں ہوا ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں داخل کرونا کی کسی حاملہ خاتون مریض کا انتقال نہیں ہوا کرونا سے متاثرہ حاملہ خواتین نے 21 بچوں کو جنم دیا تمام بچوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے لاہور میں کرونا سے متاثرہ حاملہ خواتین کیلئے مزنگ اور گنگارام ہسپتال میں بیڈز مخصوص کئے گئے ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 798 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اس دوران 11009 نمونوں کی جانچ کی گئی اب تک 659326 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں کرونا وائرس کی صورتحال پر بیان دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک صوبے بھر میں 117598 کیسز ہو چکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 25 مریض انتقال کر گئے۔ پاور ٹرانسمیشن پراجیکٹ پر کام کرنے والے 14 چینی انجینئرز کرونا میں مبتلا نکلے پاور ٹرانسمیشن پراجیکٹ خیر پور ٹامیوالی میں 62 چینی انجینئرز کام کر رہے ہیں ان میں سے 32 کے کرونا ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے 14 انجینئرز میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ان 14 انجینئرز کو سول ہسپتال بہاولپور کے آئسولیشن وارڈ میں داخل کرا دیا گیا ہے۔