اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کیلئے یکم ستمبر 2020 سے ملک بھر میں عالمی معیار کا یورو فائیو پٹرول فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ یکم جنوری 2021 سے ملک میں یورو فائیو معیار کا ہائی اسپیڈ ڈیزل فروخت جائے گا ، پٹرولیم ڈویژن نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریوں کو احکامات جاری کر دیئے ،پاکستان میں اس وقت یورو ٹو معیارکا پٹرول اور ڈیزل فروخت کیا جا رہا ہے ۔ دستاویز کے مطابق ملک میں یورو فائیو معیار کے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فروخت سے ڈیزل کی قیمت میں ایک روپیہ فی لیٹر اضافہ کا امکان ہے ۔ پاکستان کی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی سالانہ ضروریات 74 لاکھ ٹن ہیں ، ملک کی ڈیزل کی 65 فیصد ضروریات مقامی طور پر جبکہ 35 فیصد درآمد سے پوری کی جاتی ہیں ،ملک کی پٹرول ضروریات کا تخمینہ 76 لاکھ ٹن سالانہ ہے ۔ ملک کی پٹرول ضروریات کا 70 فیصد درآمد سے پورا کیا جاتا ہے جبکہ مقامی طور پر 30 فیصد ضروریات کو پورا کیا جاتا ہے، یورو فائیو پٹرول اور ڈیزل کو چیک کرنے کیلئے ہائیڈرو کاربن ڈیویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ کی استعداد کو ہنگامی بنیادوں پر بہتر بنایا گیا ہے ، پی ایس او اس سال ستمبر سے کویت پٹرولیم کمپنی سے یورو فائیو ڈیزل کی درآمد کا ارادہ رکھتا ہے۔
ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے یکم ستمبرسے یورو فائیو پٹرول فروخت کرنیکا فیصلہ
Jul 26, 2020