اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)معروف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک اور ٹویٹر نے عدالت عظمیٰ کے حکم پر برازیل کے صدر جیر بولسنارو کے متعدد حامیوں کے اکاؤنٹس کو منسوخ کر دیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیلی سپریم کورٹ کے جسٹس الیگزینڈر ڈی موریس نے گزشتہ روز 16 ٹویٹر اکاؤنٹ اور 12 فیس بک اکاؤنٹس کو حذف کرنے کا حکم دیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے فیس بک اکاونٹس بلاک کردیئے ہیں۔ فیس بک اور ٹویٹر نے اکاونٹس کو بند کرنے کے بعد پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کی تحقیقات سے متعلق قانونی حکم کی تعمیل کے لئے سختی سے عمل کیا ہے۔ واضح رہے کہ معطل شدہ اکاؤنٹس کے مالکان میں روبرٹو جیفرسن ، سابق کانگریس ممبر اور قدامت پسند پی ٹی بی پارٹی کے صدر ، نیز تاجر لوسیانو ہینگ ، ایڈگر کورونا اور آسکر فخوری ، اور سرگرم کارکن سارہ جیرمینی شامل ہیں۔
فیس بک اور ٹویٹر نے برازیلی صدر جیر بولسنارو کے متعدد حامیوں کے اکاؤنٹس منسوخ کر دیئے
Jul 26, 2020