لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ بلاول زرداری کو حساس اور قومی نوعیت کے معاملات میں قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے پیٹ میں صرف اس لئے مروڑ اٹھ رہے ہیں کہ ان کے چھوڑے ہوئے پہاڑ جیسے چیلنجزکے باوجود وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے کیوں بڑھ رہا ہے ،ابھی تک تو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی بیل منڈھے چڑھتے ہوئے نظر نہیں آرہی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آج اپوزیشن جماعتیں نیب کے قانون کو کالا قانون کہہ رہی ہیں لیکن اپنے دور میں اس کا ایک نقطہ آگے پیچھے نہیں کیا ۔ تحریک انصاف کی حکومت نیب قانون میں ترامیم کے حوالے سے سب کو ساتھ لے کر چل رہی ہے لیکن یہ طے ہے کہ کسی کی بھی بغیر دانت کے احتساب کے ادارے کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوںکو ہر معاملے میں اپنی سیاست نہیں چمکانی چاہیے بلکہ حساس اور قومی نوعیت کے معاملات پر احتیاط سے کام لیا جائے ۔ بلاول زرداری نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے جتنی بھی باتیں کی ہیں وہ قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں ۔
بلاول زرداری کو حساس اور قومی نوعیت کے معاملات میں قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے: ہمایوں اختر
Jul 26, 2020