تربت: دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا لانس نائیک وطن پر قربان ہو گیا

تربت:   بلوچستان کے علاقے تربت میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے باعث پاک فوج کا ایک اور سپوت ملک پر قربان ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعہ بلوچستان کے علاقے تربت سے 35 کلومیٹر دور ہوا، سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے باعث پاک فوج کا لانس نائیک جاوید کریم شہید ہو گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کے تین جوان زخمی ہو گئے۔ جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یاد رہے کہ 14 جولائی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ دہشتگردوں نے پنجگور کے قریب کاہان ویلی میں پاک فوج کی پٹرولنگ ٹیم پر حملہ کیا، فائرنگ سے افسر سمیت 8 جوان بھی زخمی ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کی پیٹرولنگ ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک دہشتگردوں نے پنجگور کے قریب کاہان ویلی میں ان پر فائرنگ شروع کر دی۔

دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں تین جوان شہید جبکہ افسر سمیت 8 زخمی ہو گئے۔ زخمی جوانوں کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ 13 جولائی کو ارضِ پاک سے فسادیوں کے خاتمے کے مشن میں فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا تھا جس میں 4 جوان شہید جبکہ امن کے چار دشمن بھی اپنے انجام کو پہنچ گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں سیکیورٹی فورسز نے جھڑپ کے دوران 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔

شمالی وزیرستان میں یہ آپریشن انٹیلی جنس انفارمیشن کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ شہدا میں سپاہی محمد اسماعیل خان، سپاہی محمد شہباز یاسین، سپاہی راجا وحید احمد اور سپاہی محمد رضوان خان شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن