مکہ مکرمہ +لاہور(ممتا زبڈانی+خصوصی نامہ نگار) مناسک حج مکمل ہونے کے بعد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے زائرین کی مکہ مکرمہ آمد شروع ہو گئی ہے۔ عمرہ زائرین کا پہلا گروپ مسجد الحرام پہنچ گیا۔ اعتمرنا موبائیل ایپلی کیشن سے بکنگ کے ذریعے سعودی مقامی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی طرف سے عمرے کی ادائیگی اتوار کو شروع ہو گئی۔ اس سلسلے میں مسجد الحرام کے امور کے نگرانِ ادارے کے سکریٹری ڈاکٹر سعد المحمید نے بتایا کہ انتظامیہ نے معتمرین اور نمازیوں کے استقبال کے لیے اپنی تمام افرادی قوت اور آلات کا استعمال کیا ہے۔ یہ اقدامات احتیاطی تدابیر کے مطابق کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے کہا حرم کے جن دروازوں کو حجاج کے لیے کھولا گیا تھا انہیں اب بند کر دیا گیا ہے‘۔ عمرہ زائرین اب پہلے کی طرح انہی دروازوں سے حرم داخل ہوں جن سے پہلے داخل ہوا کرتے تھے۔ حرم میں مطاف تک جانے کے لیے خصوصی ٹریک بحال کر دیئے ہیں۔ جن پر چل کر سماجی فاصلے کی پابندی کے ساتھ طواف کرنا ہوگا۔ مسجد الحرام کی صفائی ستھرائی اور حرم شریف میں عطر بیزی کا عمل جاری ہے۔ جس کے لیے 24گھنٹوں کے دوران 4 ہزار مردوخواتین رضا کار مامور ہیں۔ مسجد الحرام کی صفائی کے امور کے ڈائریکٹر جابر الودعانی نے بتایا کہ مسجد الحرام، اس کے بیرونی صحن اور آس پاس کے مقامات کو دن میں 10 بار صفائی کے عمل سے گذارا جاتا ہے۔ مسجد کو دھونے کے لیے 60 ہزار لیٹر جراثیم کش مواد استعمال کیا جاتا ہے جب کہ 1200 لیٹر فریشنرز کا استعمال کیا جاتا ہے۔قومی کمیٹی برائے حج و عمرہ کے رکن ھانی علی العمیری نے کہا سعودی حکومت نے یکم محرم 1443ھ سے بیرون سعودی عرب کے معتمرین کے لئے عمرہ سیزن کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بیرون ملک سے معتمرین کے استقبال اور مسجد حرام میں نمازوں کی ادائیگی کا شیڈول ترتیب دینے کے لیے 500 عمرہ کمپنیاں معتمرین کو خوش آمدید کہنے کی تیاری میں مصروف ہیں۔
زائرین کا پہلا گروپ مسجدالحرام پہنچ گیا‘ عمرہ ادائیگی شروع
Jul 26, 2021