اسلام آباد+ راولپنڈی (خبر نگار خصوصی+ نیوز رپورٹر+ جنرل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں عمران خان کی کامیابی سے بھارت بہت خائف ہے۔ عوام نے بڑھ چڑھ کر بلے پر مہر لگائی۔ انشاء اللہ کشمیر میں پی ٹی آئی ہی حکومت بنائے گی۔ پنڈ دادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بھارتی میڈیا نے کشمیر کے حوالے سے عمران خان حکومت کی بھر پور مخالفت کی۔ آزاد کشمیر میں عمران خان کی حکومت بننے سے انڈیا کو بہت بڑا دھچکا لگے گا۔ پاکستان کے اندر آزادانہ، منصفانہ انتخابی عمل بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر کے عوام کو امید اور جلا بخشتی ہے۔ ایک دن ضرور بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر کے عوام آزادانہ انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پاکستان اور کشمیر میں مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن رہا ہے۔ بدقسمتی سے ایک واقعہ کے دوران پی ٹی آئی کارکن شہید ہوا ہے۔ پیپلز پارٹی کے کچھ لوگوں نے پولنگ کے دوران کئی جگہوں پر حملے کئے ہیں۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے آزاد کشمیر انتخابات میں اپوزیشن کی جانب سے دھاندلی کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات آزادانہ‘ منصفانہ اور شفاف طریقے سے منعقد ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کے سچے سفیر ہیں۔ علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر سمیت مودی کے یاروں کو شکست ہوئی۔ آپ نے کھسیانی بلی بن کر کھمبا نوچنا شروع کر دیا ہے۔ کشمیریوں نے ن لیگ کو فل سٹاپ لگا دیا ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی پولنگ شروع ہونے سے پہلے ہی دھاندلی کا واویلا مچانا شروع ہو گئی تھیں۔ مسلم لیگ ن انتخابی مہم کے آغاز سے ہی بھارت کا بیانیہ پیش کر رہی تھی۔ اسماعیل گجر کا بیان ظاہر کرتا ہے کہ ان کے بھارت کے ساتھ گہرے مراسم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک کارکن کو چودھری یاسین کے بیٹے نے خود فائرنگ کر کے شہید کیا‘ چودھری یاسین کے بیٹے نے فائرنگ سے متعدد پی ٹی آئی کے کارکنوں کو زخمی بھی کیا ہے۔ شکست کو دیکھتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی غنڈہ گردی سے بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ داسو اور بھاشا ڈیم دس ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرے گا جو افغان جعلی کارڈ بنانے تھے‘ انکو سب جگہ سے نکلنا ہو گا۔ پنڈی شہر نے ثابت کیا وہ عمران خان کے ساتھ ہے‘ جو رقم خرچ ہوئی اسکا ذکر نہیں کہنا چاہتا‘ لیکن ویلی میں ایسا ہی ہوا عمران خان کشمیر کی آزادی کا کیس لڑے گا‘ الیکشن میں پہلی بار کشمیر کے الیکشن میں راولپنڈی سے پی ٹی آئی جیتی‘ ساری پنڈی کو مبارک باد ہو کیش گروپ ہار گیا۔ لال حویلی کے جنات اﷲ کے بعد میرے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لال حویلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ساری قوم کو بتانا چاہتا ہوں‘ کوئی ایف سی کئی رینجرز نہیں لگائی۔ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف حکومت بنانے جا رہی ہے۔ تیاری رکھیں تحریک انصاف سندھ میں بھی حکومت بنانے جا رہی ہے‘ مگر آپ کو بتا دوں کہ الیکشن آسان کام نہیں۔ مریم نواز کا کشمیر سے کیا تعلق ہے؟ مریم نواز بتائے وہ کون سے کشمیری ہیں؟ فیصل آباد کی چمگادڑ گندی زبان استعمال کرتا ہے۔ وزیراعظم کے ترجمان اور معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کو متنازعہ بنانا مسلم لیگ ن کی سازش تھی اسی لئے پولنگ کے آغاز کے ساتھ ہی طے شدہ پلان کے مطابق رونا پیٹنا شروع کر دیا۔ سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جن کا ارادہ ہی یہ ہو کہ الیکشن کو متنازعہ بنانا ہے ان سے یہی امید تھی، جیسا کہ نواز، محب ملاقات میں طے ہوا تھا جو چوری میں سرٹیفائیڈ اور سزا یافتہ ہیں وہ لندن میں پاکستان کو گالیاں دینے والوں سے مل کر سازشیں تیار کر رہے ہیں اور مریم نواز یہاں ان کی سازشوں پر عملدرآمد کروا رہی ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ واضح شکست نظر آنے پر آزاد کشمیر الیکشن کے دوران مخالفین کی غنڈہ گردی سے شہید ہونے والے کارکنوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ذمہ داروں کو سخت سزا دلوانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف ہر حد تک جائے گی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ بدعنوانی کسی بھی مہذب معاشرے کے لئے بڑا خطرہ ہے‘ کشمیری عوام جانتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان بدعنوانی کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے اتحاد کیا تھا‘ ماضی میں بھی اپوزیشن جماعتیں ایسا ہی کرتی رہی ہیں‘ اپوزیشن نے انتخابات سے قبل ہی دھاندلی کے بے بنیاد الزامات لگانا شروع کر دیئے تھے۔
اسلام آباد، گوجرانوالہ (خبر نگار خصوصی، نمائندہ خصوصی، نوائے وقت رپورٹ) اپوزیشن جماعتوں نے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بالکل مایوس نہیں مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی زدہ الیکشن میں بہترین مقابلہ کیا۔ شیم پیج کو بہت ٹف ٹائیم دیا ہے۔ خوشی کی بات ہے مسلم لیگ (ن) کشمیر میں عوامی طاقت کے طور پر ابھری۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو وفاقی حکومت نے متنازعہ بنادیا ہے۔ الیکشن کمشن کو تحریری شکایات دے چکے ہیں۔ چیف الیکشن کمیشن کمشنر وفاقی حکومت کے رویے کا نوٹس لے۔ یہ الیکشن کشمیر کاز کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر پلوشہ خان، سینیٹر روبینہ خالد، ندیم اصغر کائرہ اور سردار ذولفقار علی بھی موجود تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ کشمیر کے الیکشن میں وفاقی حکومت کے رویے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ آزاد کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کی جاتی ہے تو عام انتخابات کا کیا بنے گا؟۔ وزیر اعظم آگ سے کھیلنا بند کر دیں۔ وفاقی حکومت نے الیکشن کو پر تشدد بنا دیا ہے۔ وفاقی وزرا نے کشمیر کے الیکشن کا ماحول خراب کیا۔ چوہدری یاسین پر فائرنگ کی گئی اور ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ راولپنڈی میں پیپلزپارٹی کے انتخابی کیمپوں کو اکھاڑ دیا گیا ہے۔ حکومت ملک بھر میں انتظامیہ کا کھلے عام استعمال کر رہی ہے۔ سرکاری انتظامیہ پی ٹی آئی کی گاڑیوں کا استعمال کر رہی ہے۔ حکومت ووٹر سے ووٹ کا حق چھین رہی ہے۔ راولپنڈی، جھنگ میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ علی محمد خان، کامران بنگش پشاور میں پولنگ سٹیشن انتظامیہ پر دباؤ ڈالتے رہے۔ پی ٹی آئی کے وزرا اراکین اسمبلی پی ٹی آئی امیدواروں کو ووٹ ڈلواتے رہے۔ چیف الیکشن کمشنر موصول شدہ شکایات کی فوراً تحقیقات کرائیں۔ مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کا عملہ باہر نکال کے ووٹ چوری کئے گئے۔ مختلف پولنگ سٹیشنز پر مسلم لیگ (ن) کے پولنگ ایجنٹس کو داخل ہونے سے روکا گیا۔ کئی پولنگ سٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کی غیرموجودگی میں بیگز کو کھولا گیا۔ عمران صاحب آزاد جموں وکشمیر میں مودی والا رویہ اختیار نہ کریں۔ مختلف حلقوں سے الیکشن بے ضابطگیوں کی شکایات ہیں۔ ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ خواتین ووٹرز کے ساتھ توہین آمیز سلوک کیا گیا۔ عملے کی مدد سے پولنگ سٹیشن کے اندر ٹھپے لگانے کی اطلاعات ملی ہیں۔ ایل اے 32 چکار، ایل اے 33 گوہر آباد میں پی ٹی آئی کے سوا کسی کا پولنگ ایجنٹ داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ بے ضابطگیوں کے حوالے سے تمام درخواستیں الیکشن کمشن میں جمع کروا دی گئی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ اور سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ یہ فئیر الیکشن نہیں۔ دھاندلی ہوئی نتائج تسلیم نہیں کرتے۔ الیکشن کمپین کے دوران حکومت کی طرف سے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال اور لوگوں سے جھوٹے وعدے کیے گئے۔ آزاد کشمیرکے الیکشن کے موقع پر خرم دستگیر خان کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کی مداخلت کا یہ حال ہے کہ جماعت اسلامی جیسی جماعت کے آزاد کشمیر کا صدر حکومتی امیدوار کے حق میںد ستبردار ہوگیا۔ ہم غیور کشمیریوں کو بتا رہے ہیں کہ پاکستان نے تبدیلی کی سزا بھگتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے الزام عائد کیا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں منظم طریقے سے دھاندلی ہو ئی ہے۔ وفاقی حکومت نے انتخابات کو متنازعہ بنا دیا ہے۔ کوٹلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کی گاڑی پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے فائرنگ کی۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کے دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کریں گے۔ جنوبی وزیرستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں، پاکستان اور کشمیریوں کے 70 سالہ موقف کی نفی کی ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں جتنا سٹاف ہے پنجاب حکومت کا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے دوسری پارٹی کا کوئی امیدوار نہیں توڑا لیکن پی ٹی آئی نے ہمارا وزیر توڑ لیا اور پی پی کے بندے بھی توڑے۔ الیکشن سے قبل دھاندلی اور کیا ہے۔