لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے زچہ و بچہ کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے۔ گنگا رام ہسپتال کے ساتھ 600 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور ملتان میں 200 بیڈز کا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بن رہا ہے۔ میانوالی‘ راجن پور‘ لیہ‘ اٹک‘ بہاولنگر‘ ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے 10 برس کے دوران ایک بھی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال نہیں بنایا۔ نمائشی منصوبوں کے دلدادہ سابق حکمران اپنا علاج بیرون ملک سے کراتے اور صوبے میں ایک بھی ایسا معیاری ہسپتال نہیں بنایا جہاں وہ اپنا علاج کرا سکتے۔ ہماری حکومت نے معیاری ہیلتھ کیئر کے لئے یکساں پالیسی اپنائی ہے۔ ملتان میں نشتر ٹو‘ رحیم یار خان میں شیخ زید ہسپتال ٹو اور ڈیرہ غازی خان میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ملتان میں 70 برس بعد نشتر ٹو ہسپتال بن رہا ہے۔ چنیوٹ‘ حافظ آباد اور چکوال میں نئے جدید ترین ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بن رہے ہیں۔ بھکر ڈی ایچ کیو اور بہاولنگر میں کارڈیالوجی یونٹس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں کارڈیک یونٹ کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔ واہ ٹی ایچ کیو کو ڈی ایچ کیو کا درجہ اور ٹیکسلا ٹی ایچ کیو کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔ صوبہ بھر میں 40 نئے ٹراما سینٹرز کے قیام کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے اڑھائی سال میں 32 ہزار ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کو بھرتی کیا۔ سابق حکمرانوں نے اپنے پہلے تین سال میں صرف 18 ہزار بھرتیاں کیں۔عثمان بزدار نے آزاد کشمیر میں الیکشن ڈیوٹی پر مامور گاڑی کو حادثے میں 4 فوجی جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔