پاکستان تجارتی روابط کو معاشی فوائد میں تبدیل کر رہا ہے: میاں کاشف اشفاق

Jul 26, 2021

لاہور(کامرس رپورٹر ) چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ دنیا کرونا کی وجہ سے معاشی خرابی سے دوچار ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت علاقائی ممالک کے ساتھ مضبوط تجارتی روابط کے ذریعے پاکستان اس چیلنج کو زیادہ سے زیادہ معاشی فوائد کے مواقع میں تبدیل کر رہا ہے۔فیڈمک کیمپ آفس سے ویبنار کے ذریعے فیڈمک کے سینئر ایگزیکٹوز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس دوران اپنے دیرینہ معاشی مسائل کے خاتمہ، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی وسائل کی تقسیم کی ازسر نو تشکیل کی کوشش کررہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کرونا کی وبا کے تناظر میں معاشی نمو کو برقرار رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔ 50 سے زائد ممالک میں ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران متوقع سرمایہ کاروں کو فیڈمک کے ون ونڈو آپریشن سے مربوط کریں گے اور سپیشل اکنامک زونز کی انتظامیہ کو اپنے تعیناتی کے ممالک کے تجارتی امکانات کے بارے میں آگاہی فراہم کریں گے جس سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور مارکیٹنگ پر توجہ مرکوز کرنے اور برآمدات کا حجم بڑھانے میں مدد ملے گی۔ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی ونڈو آپریشن کے تحت غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو وسیع مواقع مہیا کر رہا ہے۔ انہون نے کہا کہ معاشی خودمختاری جامع ترقی کی کلید ہے مگر ماضی میں اس کو بری طرح نظرانداز کیا گیا اور گزشتہ حکومتوں کے کمزور موقف کی وجہ سے ملک کو مہنگی توانائی کے مسئلہ سے دوچار کیا جس کی وجہ سے پیداواری لاگت میں مستقل اضافے نے پورے معاشی ڈھانچے کو متاثر کیا۔ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے بڑے حامی ہیں لیکن اب اس انویسٹمنٹ کو ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کیساتھ آنا چاہئے۔ اس کے مابین بھی موثر توازن برقرار رکھنا ہوگا کہ سرمایہ کاری سے فوری اور طویل مدتی بنیادوں پر فائدہ اٹھایا جا سکے۔ صنعتوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ مقامی صنعت کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے پاکستان میں اصلاحات کے ایجنڈے، کاروباری آسانیوں، مائکرو اکنامک شعبوں میں سٹرکچرل تبدیلیوں اور پاکستان کی درجہ بندی کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے موقف کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں گے تاکہ نہ صرف فیصل آباد بلکہ ملک بھر میں صنعتی انقلاب برپا کیا جا سکے۔

مزیدخبریں