اسلام آباد( نیوز رپو رٹر ) وفاقی وزیر برائے تعلیم اور پیشہ وارانہ مہارت شفقت محمود نے اطفال باہم معذوری کے لیے گورنمنٹ کے تمام سکولوں میں مساوی تعلیم کو لازمی قرار دیا اور گلوبل ایجوکیشن سمٹ میں اپنی شرکت سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اس بات کا عہد کرنے جا رہی ہے کہ تمام گورنمنٹ سکول اطفال باہم معذوری کو بہترین تعلیم فراہم کریں گے۔حکومت اس سلسلے میں سکولوں کوہر ممکن سہولت فراہم کرے گی تاکہ اطفال باہم معذوری گورنمنٹ کے سکولوں میں تعلیم حاصل کر سکیں۔وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود 28 اور 29 جولائی کو گلوبل ایجوکیشن سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ا س سمٹ میں منظور کی جانے والی قرارداد سے اطفال باہم معذوری کو یکساں تعلیم کے مواقع ملیں گے اورگلوبل پار ٹنرشپ فار ایجوکیشن پر بھی عمل ہوگا۔وفاقی وزیرسائٹ سیورز کی "ایکول ورلڈ' مہم کی بھی توثیق کریں گے جس کی رو سے سمٹ میں شریک مختلف ممالک کی حکومتیں اس بات کا عہد کریں گی کہ اطفال باہم معذوری کے لیے بہترین اور معیار ی تعلیم فراہم کرنے کی پابند ہیں۔ایکول ورلڈ مہم کے بارے میں شفقت محمود کا کہنا تھاکہ اس مہم نے خاص طور پر اطفال باہم معذوری کے لیے مساوی اور شمولیاتی نظام تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔منزہ گیلانی، کنٹری ڈائریکٹر سائٹ سیورز پاکستان کا کہنا ہے کہ گلوبل ایجوکیشن سمٹ میں شمولیت حکومت پاکستان کے لیے ناگزیر ہے تاکہ اطفال باہم معذوری کے لیے مساوی تعلیم کے موثر اور جامع عزم پرعمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور گلوبل ایجوکیشن سمٹ کے شرکا کے ساتھ مل کر یہ کام کرنا ایک بہترین موقع ہے۔ان پالیسی منصوبوں پر عمل کرنے سے تمام بچوں کو مساوی تعلیم کے مواقع میسر ہونگے اور کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں ہوگا۔
اطفال باہم معذوری کوگورنمنٹ سکولوں میں تعلیم فراہم کرنا ترجیح ہے، شفقت محمود
Jul 26, 2021