سیالکوٹ (نامہ نگار) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں اپنی شکست کو دیکھتے ہوئے (ن) لیگ حواس باختہ ہوکر غنڈہ گردی کا سہارا لینے کی کوشش کررہی ہے ۔ جعلی راجکماری نے آزاد کشمیر الیکشن میں جو نفرت کے بیج بوئے تھے اس پر عمل کرتے ہوئے گوجرانوالہ ڈویژن میں ایم ایل اے کے امیدوار نے پوری قوم کی تضحیک کی اور الیکشن میں ناکامی پر ہندوستان سے مدد مانگنے کا بیانیہ سامنے آیا۔ یہ نئی بات نہیں۔ مریم کے پاپا نے اپنے یار مودی کو بغیر کسی ڈپلومیٹک پروسیجر کو شادی میں مدعو کر کے عملی مظاہرہ کیا۔ ہمیشہ (ن) لیگ نے پاکستان مخالفین کے ساتھ ملکر اپنے اقتدار کیلئے سازشیں کیں۔ ظل سبحانی عرف نواز شریف نے ہمیشہ پاکستان کے مخالفین کے ہاتھوں ربڑ اسٹمپ ہونے کا ثبوت دیا۔ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے خلاف (ن) لیگ کے بیانیہ کو کشمیری عوام نے دفن کر دیا۔ ہمارے 2کارکن شہید ہوئے جن کو سرعام گولیاں ماری گئی۔ پیپلز پارٹی نے مخالفین کو گولیوں سے خاموش کروانے کی کوشش کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے امن کا صوبہ بنانے کا وعدہ پورا کیا۔ مریم نواز لاہور سے گوجرانوالہ اور ڈسکہ کے راستے سیالکوٹ پہنچی اور اداروں کے خلاف زہر اگلا۔ قومی مفادات سے کھلواڑ کرنے پر الطاف حسین کا حال دیکھ لیں اور اس کے انجام سے عبرت حاصل کریں ہم نہیں چاہتے جو شخص 3 دفعہ وزیر اعظم بنا وہ نفرت کی علامت بنے۔ بلی تھیلے سے باہر آئی ہے۔
بھارت سے مدد مانگنا قوم کی تضحیک‘ کشمیریوں نے لیگی بیانیہ دفن کر دیا: فردوس عاشق
Jul 26, 2021