ناراض بلوچوں کو منانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے: شاہ زین بگٹی 

صادق آباد (نمائندہ نوائے وقت )بلوچستان پاکستان کا اور پاکستان بلوچستان کا حصہ ہے ناراض بلوچوں کو منانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے بلوچستان کو محرومیوں کی دلدل سے نکال کر ترقی کے دہانے پر لا کھڑا کرنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جوذمہ داری سوپنی ہے اس پر ذاتی ذمہ داری لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کروں گا۔  ان خیالات کااظہاروزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی نواب زادہ شاہ زین بگٹی نے صادق آباد کے علاقہ رحیم آباد میں آمد کے دوران سردار معین اکمل خان لغاری کے صاحبزادے صلاح الدین اکمل لغاری اور ایم این اے شیخ فیاض الدین سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا  انہوں نے کہاکہ ضلع ڈیرہ بگٹی میں ہی نہیں بلکہ بلوچستان میں بھی پانی' بجلی 'گیس 'تعلیم ' صحت سمیت ایمرجنسی کی سہولیات نہ ہونے کے برابرہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو دشواری اور مشکلات پیش آتی ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچستا ن کے عوام کا استحصال اب نہیں ہوگا ان کا مزید کہناتھا کہ فلاحی منصبوبوں کی تکمیل اور بلوچستان کی ترقی کیلئے وزیر اعظم پاکستان کو اس بارے آگاہ کروںگا انہوں نے کہاکہ سندھی ' پنجابی ' بلوچ ' پٹھان ' سرائیکی سب پاکستانی ہیں ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیحات ہیں انہیں تحفظ فراہم کرنا ناصرف بلوچستان حکومت کی بلکہ ہماری بھی اولین ذمہ داری اور اہم فریضہ ہے ملک کو معاشی طورپر مضبوط ومستحکم کرنے کیلئے بلوچستان کی عوام کو محرومیوں کی دلدل سے نکال کر ترقی کے دھارے میں لانے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہناتھا کہ پاکستان اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے بلوچوں کی خدمات ناقابل فراموش ہیں بلوچستان کی ترقی کیلئے دن رات ایک کر دیں گے دریں انثا وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی  نواب زادہ شاہ زین بگٹی کا رحیم آباد پہنچنے پر استقبال کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن